ایشیا کپ کے سپر فور مرحلے میں روایتی حریف بھارت کے خلاف میچ سے قبل پاکستان ٹیم آج آرام کرے گی۔
آئی سی سی اکیڈمی گراؤنڈ دبئی میں آج پاکستان ٹیم کا ٹریننگ سیشن شیڈول نہیں ہے، قومی کھلاڑی مقامی ہوٹل میں جم اور پول ایکسر سائز کریں گے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ پاکستان کی پلیئنگ الیون میں تبدیلی کا کوئی امکان نہیں ہے، کل بھارت کے خلاف میچ میں بھی وہی پلیئنگ الیون ہو گی جو پہلے دو میچز میں تھی۔
ذرائع نے کہا کہ تمام کھلاڑیوں کی فٹنس کی صورت میں ٹیم مینجمنٹ ابھی ٹیم کی تبدیلی کے حق میں نہیں۔
فاسٹ بولر حارث رؤف آئی سی سی اکیڈمی گراؤنڈ میں میڈیا سے آج گفتگو کریں گے۔
واضح رہے کہ پاکستان اور بھارت کی ٹیموں کے درمیان سپر فور مرحلے میں کل مقابلہ ہو گا، پول میچ میں پاکستان کو بھارت کے ہاتھوں 5 وکٹوں سے شکست ہوئی تھی۔
بھارت کو آل راؤنڈر رویندرا جڈیجا دستیاب نہیں ہوں گے، گھٹنے کی انجری کے باعث وہ ایشیا کپ سے باہر ہو چکے ہیں۔