پاکستان میں متحدہ عرب امارات (یو اے ای) کے ناظم الامور نے آج لاہور میں وزیراعظم شہباز شریف سے ملاقات کی۔ اس موقع پر وزیر اعظم نے سیلاب متاثرین کے لیے امداد بھجوانے پر اماراتی حکومت کا شکریہ ادا کیا۔
اعلامیہ کے مطابق وزیراعظم نے اماراتی ناظم الامور سے کہا کہ سیلاب متاثرین کے لیے 5 کروڑ ڈالر مالیت کا سامان بھیجنے پر یو اے ای کے صدر کے شکر گزار ہیں۔
انہوں نے متاثرین کے لیے 5 کروڑ اماراتی درہم کی امداد دینے پر یو اے ای کے ہم منصب سے بھی اظہار تشکر کیا اور کہا کہ متحدہ عرب امارات ہر آفت کی گھڑی میں پاکستان کے ساتھ کھڑا رہا ہے۔
وزیراعظم کا کہنا تھا کہ سفارتی محاذ پر متحدہ عرب امارات نے ہمیشہ پاکستان کا ساتھ دیا، پاکستان متحدہ عرب امارات سے اپنے تعلقات کو قدر کی نگاہ سے دیکھتا ہے۔