پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے چیئرمین عمران خان سے شہری نے سوال کیا کہ خان صاحب جب سکھر ڈوب رہا تھا تو آپ کہاں تھے؟
پی ٹی آئی چیئرمین عمران خان نے سکھر میں سیلاب متاثرین کے کیمپ کا دورہ کیا۔
عمران خان نے متاثرین سے ملاقات کی اور ان کے ساتھ کھانے کی ٹیبل پر بیٹھے، جہاں سیلاب متاثرین نے عمران خان سے عدم سہولیات پر شکایات شروع کردیں۔
شہری نے عمران خان سے سوال کیا کہ جب سکھر ڈوب رہا تھا تو خان صاحب آپ کہاں تھے، عمران خان شور میں سوال ان سنا کرکے گاڑی میں سوار ہو کر روانہ ہوگئے۔
سیلاب سے مزید 24 افراد جاں بحق
ملک بھر میں سیلاب سے گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران مزید 24 افراد جاں بحق ہو گئے۔
یہ بات نیشنل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (این ڈی ایم اے) نے جاری کی گئی رپورٹ میں کہی ہے۔
این ڈی ایم اے کے مطابق گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران سب سے زیادہ 19 اموات صوبۂ سندھ میں ہوئی ہیں۔
نیشنل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی نے بتایا ہے کہ مزید 24 اموات کے بعد سیلاب سے جاں بحق ہونے والوں کی تعداد 1 ہزار 314 ہو گئی ہے۔
این ڈی ایم اے نے بتایا ہے کہ گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران سیلاب کے باعث مختلف حادثات میں 115 افراد زخمی بھی ہوئے ہیں۔
نیشنل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی نے مزید بتایا ہے کہ سیلاب اور بارشوں سے اب تک 12 ہزار 703 افراد زخمی ہو چکے ہیں۔
این ڈی ایم اے کا یہ بھی کہنا ہے کہ گزشتہ 24 گھنٹوں میں مزید 3 پلوں کو نقصان پہنچا ہے، جبکہ مجموعی طور پر 246 پلوں کو اب تک نقصان ہوا ہے۔