• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

ایشیاکپ2022، قومی ٹیم کی ہار پر فنکاروں کا ردِ عمل

کولاج بشکریہ سوشل میڈیا
کولاج بشکریہ سوشل میڈیا 

گزشتہ روز ایشیا کپ 2022ء کے سلسلے میں سری لنکا کے ہاتھوں آسان فائنل میچ ہار کر قومی ٹیم نے عوام کے تنقیدی تبصروں کا رُخ اپنی جانب کر لیا ہے۔

جہاں پورا ملک اس وقت قومی ٹیم کی لاپرواہی اور ناقص کارکردگی پر غصہ ہے، وہیں شوبز ستارے بھی دُکھ اور غم کا اظہار کر رہے ہیں۔

اس سلسلے میں اداکارہ مایا علی کی جانب سے اپنی انسٹاگرام اسٹوری پر میچ کے دوران شاداب اور  آصف کی ٹکّر کے دوران کیچ چھوٹ جانے پر حیرانی کا اظہار کیا ہے۔

دوسری جانب مریم انصاری نے بھی اسی کیچ کے چھوٹنے پر فاسٹ بولر شاداب پر غصے کا اظہار کیا ہے۔

اداکار و میزبان فہد مصطفیٰ نے سری لنکا کو میچ جیتنے پر مبارکباد دی ہے اور اپنے ٹوئٹ میں لکھا ہے کہ سری لنکا بطور ایک ٹیم کھیلی اور ہم فرداً فرداً کھیلے، سری لنکن ٹیم اس جیت کی مستحق تھی۔

اداکار و گلوکار عاصم اظہر نے بھی کل کی ہار پر متعدد ٹوئٹس کیے۔

عاصم اظہر کا سری لنکا کے ہاتھوں پاکستان کو شکست پر کہنا تھا کہ سری لنکا اس جیت کا مستحق تھا، انہوں نے ٹیم کو مخاطب کرتے ہوئے مزید کہا کہ مایوس ہونے کی ضرورت نہیں ہے، مزید مضبوط ہو کر کھیل  میں واپس آؤ۔

دوسری جا نب قرۃ العین بلوچ کا اپنے ٹوئٹ میں کہنا تھا کہ مبارک ہو سری لنکن ٹیم،سری لنکا واضح طور پر ایک مضبوط فریق ٹیم تھی، پاکستان! امید ہے کہ آئندہ آپ اپنی غلطیوں سے سیکھ کر اچھا کھیلیں گے۔

انہوں نے مشورہ دیتے ہوئے لکھا کہ ٹیم سے فخر زمان کو باہر کریں اور آئندہ محمد رضوان پر مکمل انحصار نہ کریں۔

اسی طرح معروف اسلامک اسکالر سیدہ بشریٰ اقبال کا ایک طنزیہ ٹوئٹ میں کہنا تھا کہ آج کا میچ اگر ہم ہار جائیں تو سمجھ جائیے گا ہمارے کھلاڑی ایک اچھے اور دردمند دل رکھتے ہیں، جو دوسرے ملک کو ڈوبتا دیکھ کر  شدید صدمے میں ہے اور اس انداز سے اُن کی مدد کر رہا ہے۔

اداکارہ و میزبان جویریہ سعود نے اپنی انسٹا گرام پوسٹ پر ٹیم کی حوصلہ افزائی کرتے ہوئے کہا کہ پریشانی کی کوئی بات نہیں، ایشیا کپ تو ہم پہلے ہی جیت چکے ہیں، افغانستان اور بھارت کو میچ ہرا کر۔

اداکار و کامیڈین ارسلان نصیر کا ٹیم سے درخواست کرتے ہوئے کہنا تھا کہ کم سے کم چھکا مار کے مین آف دی سیریز کی گاڑی ہی توڑ دو؟

انٹرٹینمنٹ سے مزید