متحدہ قومی موومنٹ (ایم کیو ایم) پاکستان کے رہنما وسیم اختر کا کہنا ہے کہ وزیرِ اعظم شہباز شریف صاحب کراچی کو اب مزید لاشیں مت دینا۔
کراچی میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے وسیم اختر نے کہا کہ شہباز شریف آپ کو اس لیے وزیرِ اعظم نہیں بنایا تھا کہ کراچی کے لوگ لاشیں اٹھائیں۔
انہوں نے کہا کہ اب اگر لاش رکھی اور لاپتہ کارکنان بازیاب نہیں ہوئے تو پھر اپنی حکومت خود سنبھالنا۔
وسیم اختر کا کہنا ہے کہ چیف جسٹس اور باجوہ صاحب بتا دیں کہ ہم اپنے دفاتر بند کر کے کہاں جائیں؟
ایم کیو ایم کے رہنما نے کہا کہ عمران خان کو اسی لیے سپورٹ کیا کہ ہمارے لاپتہ کارکنان واپس آجائیں گے، انہوں نے کہا مجھے نہیں پتہ یہ کارکنان کہاں ہیں، ان سے پوچھتا ہوں اب ان لوگوں کی لاشیں کہاں سے آ رہی ہیں؟
ان کا مزید کہنا ہے کہ بس کر دو بس، ہم تھک گئے ہیں، وزیرِ داخلہ نے کہا کہ وہ بہادر آباد آئیں گے، دیکھتے ہیں وہ کیا کرتے ہیں۔
متحدہ کے رہنما نے یہ بھی کہا کہ کارکنوں کی تدفین کے بعد رابطہ کمیٹی کے اجلاس میں آئندہ کا لائحہ عمل طے کریں گے۔