بالی ووڈ کے معروف گلوکار کمار سانو اور اداکارہ، پروڈیوسر اور وکیل کونیکا سدانند کے درمیان کئی سال تک پوشیدہ تعلقات رہے لیکن حال ہی میں کونیکا نے اس حوالے سے گفتگو کرتے ہوئے کمار سانو کے ساتھ اپنے تعلق کے بارے میں کھل کر چونکا دینے والے انکشافات کیے۔
کونیکا نے انکشاف کیا کہ وہ 90 کی دہائی میں کمار سانو کے ساتھ پانچ سال تک تعلقات میں رہیں۔ 60 سالہ کونیکا کے مطابق کمار سانو کی سابق اہلیہ ریٹا ہمارے تعلق کی وجہ سے بہت پریشان تھیں اور انھوں نے ایک بار حملہ کرکے میری گاڑی کو نقصان پہنچایا تھا۔
واضح رہے کہ کمار سانو اور ریٹا کی طلاق ہوچکی ہے، کونیکا کے مطابق انکی اور کمار سانو کی پہلی ملاقات ایک شوٹنگ کے دوران اس وقت ہوئی جب وہ اداکاری کی صنعت میں اپنی شناخت بنانے کی کوشش کر رہی تھیں۔
اس دوران ان کی کمار سانو سے دوستی آہستہ آہستہ رشتے میں بدل گئی۔ کمار سانو ذاتی زندگی میں مشکل میں تھے اور ان کی بیوی ریٹا کے ساتھ کشیدگی تھی۔
اسی وجہ سے ایک بار کمار سانو نے نشے میں ہوٹل کی کھڑکی سے چھلانگ لگانے کی کوشش کی لیکن کونیکا انھیں بچانے میں کامیاب رہیں۔ جس کے بعد دونوں کے درمیان بہت قریبی تعلقات قائم ہوگئے تھے۔
تاہم اسکے باوجود دونوں نے شادی نہیں کی اور پھر وقت گزرنے کے ساتھ تعلقات میں گرم جوشی نہ رہی اور بریک اپ ہوگیا۔