وفاقی وزیر برائے آبی وسائل خورشید شاہ نے ملک میں بڑھتی ہوئی آبادی کو انتہائی خطرناک قرار دیتے ہوئے اس مسئلے پر قومی کمیشن بنانے کا مطالبہ کردیا۔
وزیراعظم کو لکھے گئے اپنے خط میں خورشید شاہ کا کہنا تھا کہ ملک میں تیزی سے بڑھتی ہوئی آبادی انتہائی خطرناک ہے، پاکستان اس وقت دنیا میں آبادی کے بڑھنے کے اعتبار سے پانچویں نمبر پر ہے۔
خط کے متن میں انہوں نے کہا کہ ہر سال 50 لاکھ کی آبادی کا اضافہ ہو رہا ہے جو انتہائی خطرناک ہے، اگر آبادی بڑھنے کا تناسب یہی رہا تو چند سالوں میں 30 کروڑ تک پہنچ جائے گی۔
خورشید شاہ نے اپنے خط میں کہا کہ یہ اضافہ مجموعی ملکی وسائل پر بری طرح اثر انداز ہوگا، آبادی میں اضافہ صحت، تعلیم، توانائی، رہائش، کھانے پینے کی اشیا اور دیگر شعبوں کو ناقابل تلافی نقصان پہنچائے گا۔
رہنما پیپلز پارٹی نے اس خط میں تحریر کیا کہ اٹھارہویں ترمیم کے بعد یہ معاملہ صوبائی ضرور ہے لیکن صوبے اس معاملے پر کوئی کام نہیں کرسکے۔
انہوں نے مطالبہ کیا کہ اس اہم ترین مسئلے پر فوری قومی کمیشن بنایا جائے، کمیشن میں چاروں صوبوں کو یکساں نمائندگی دی جائے۔