• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

بسمہ معروف نے ماں بننے والی کھلاڑیوں کیلئے کیا مطالبہ کردیا؟

ماں بننے کے بعد جتنی سپورٹ ملی سوچا بھی نہیں تھا، بسمہ معروف
ماں بننے کے بعد جتنی سپورٹ ملی سوچا بھی نہیں تھا، بسمہ معروف

پاکستان ویمن کرکٹ ٹیم کی کپتان بسمہ معروف نے مطالبہ کیا ہے کہ ماں بننے کے بعد کھیل جاری رکھنے والی کھلاڑیوں کی کھل کر حوصلہ افزائی کرنے کی ضرورت ہے تاکہ انہیں اعتماد ملے اور انہیں زیادہ سے زیادہ سہولتیں دی جائیں۔

لاہور کنٹری کلب مریدکے میں اے سی سی ویمن ٹی ٹوئنٹی ایشیا کپ کی تیاریوں کے سلسلے میں جاری ٹریننگ کیمپ کے موقع پر جیو نیوز سے گفتگو کرتے ہوئے بسمہ معروف نے کہا کہ ماں بننے کے بعد جتنی سپورٹ ملی سوچا بھی نہیں تھا، بیٹی فاطمہ ایک برس کی ہو گئی ہے، وقت کیسے گزرا پتہ ہی نہیں چلا اب وہ کرکٹ فیملی کا حصہ ہے۔

بسمہ معروف نے کہا کہ میں اپنی والدہ کو سو فیصد کریڈٹ دوں گی جنہوں نے یہ سب ممکن بنایا اور مجھے پرسکون رکھا، وہ میرے ساتھ ہوتی ہیں تو میں بیٹی کو ان کے پاس چھوڑ کر ریلیکس ہو جاتی ہوں اور پھر ساری توجہ میدان پر ہوتی ہے۔

انہوں نے کہا کہ ماں بننے کے بعد کھیلنے کا یہ ہی مقصد تھا کہ ہر چیز ممکن ہے، ہمت نہیں ہارنی چاہیے اور کچھ چھوڑنا نہیں چاہیے، لیکن اس کے لیے سپورٹ کی ضرورت ہے، میری شوہر اور سسرال والوں نے ہمیشہ حوصلہ افزائی کی ہے۔

قومی ویمن ٹیم کی کپتان کا کہنا ہے کہ شاید اسی وجہ سے میرے لیے ممکن ہوا ہے، میرا پیغام یہی ہے کہ مان بننے والی کھلاڑیوں کی حوصلہ افزائی کریں، شادی اور ماں بننے والی کھلاڑیوں کی کھل کر مزید سپورٹ کرنے کی ضرورت ہے۔

ان کا یہ بھی کہنا ہے کہ کئی لڑکیاں شادی یا ماں بننے کے بعد کھیل چھوڑ دیتی ہیں، لیکن میں چاہتی ہوں کہ انہیں زیادہ سے زیادہ سہولتیں دیں، انہیں کسی رکاوٹ کا سامنا نہ کرنا پڑے اور سب سے بڑھ کر اعتماد دیں تا کہ وہ کھیل چھوڑ کر نہ جائیں۔

کھیلوں کی خبریں سے مزید