• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

آٹے کی قیمتوں میں ریکارڈ اضافہ، کراچی میں 20 کلو آٹا 2400 روپے کا ہوگیا

ملک میں آٹے کی قیمتوں میں ریکارڈ اضافہ ہوا ہے، ایک ہفتے میں آٹے کا 20 کلو تھیلا 406 روپے89 پیسے مہنگا ہوا۔

ادارہ شماریات کے مطابق ملک میں 20 کلو آٹے کی زیادہ سے زیادہ قیمت 2400 روپے تک ہے۔ 

ادارہ شماریات نے بتایا کہ حالیہ ہفتے آٹے کی قیمت میں سب سے زیادہ اضافہ پشاور میں ریکارڈ ہوا، جہاں آٹے کی فی کلو قیمت میں ایک ہفتے میں 58 روپے تک اضافہ ہوا۔ پشاور میں 20 کلو آٹا 980 روپے سے بڑھ کر 2150 روپے کا ہوا۔

ادارہ شماریات کے مطابق کراچی اور کوئٹہ میں 20 کلو آٹے کی قیمت 2400 روپے تک پہنچ گئی۔ کراچی اور کوئٹہ میں فی کلو آٹا 120 تک فروخت ہو رہا ہے۔ حیدرآباد میں 20 کلو آٹے کا تھیلا 2300 روپے تک میں فروخت ہو رہا ہے۔

ادارہ شماریات نے بتایا کہ خضدار اور لاڑکانہ میں آٹے کا 20 کلو کا تھیلا 2200 روپے کا ہوگیا۔ سکھر میں آٹے کا 20 کلو کا تھیلا 2040 فروخت کیا جا رہا ہے۔ بنوں میں آٹے کا 20 کلو کا تھیلا 1950 سے بڑھ کر 2100 روپے کا ہو گیا۔ 

ادارہ شماریات کے مطابق اسلام آباد، راولپنڈی اور لاہور میں 20 کلو آٹا 980 سے بڑھ کر 1295 روپے کا ہوگیا۔ گوجرانوالہ، سیالکوٹ، فیصل آباد اور ملتان میں 20 کلو آٹا 980 سے بڑھ کر1295 روپے کا ہوگیا۔ آٹے کے 20 کلو تھیلے کی اوسط قیمت بڑھ کر 1621.32 روپے ہوگئی۔ 

ادارہ شماریات کے مطابق ملک میں آٹے فی کلو قیمت میں اوسط 20 روپے 34 پیسے کا اضافہ ہوا۔ جبکہ ملک میں آٹے کی اوسط فی کلو قیمت 81 روپے سے زائد ہوگئی ہے۔

قومی خبریں سے مزید