پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے چیئرمین اور سابق وزیراعظم عمران خان کا کہنا ہے کہ مریم نواز سے سچ نہیں بولا جاتا، یہ اپنے داماد کے لیے بھارت سے پاور پلانٹ کی مشینری امپورٹ کروانا چاہتی ہے۔
کرک میں جلسے سے خطاب کرتے ہوئے عمران خان نے کہا کہ ہماری حکومت نے بھارت سے تجارت بند کی تھی، بھارت نے بین الاقوامی قانون توڑا، کشمیریوں کی خصوصی حیثیت ختم کی۔
عمران خان نے کہا کہ اقتدار میں آکر ذاتی فائدہ لینا کرپشن ہوتا ہے، یہ لوگ جب بھی اقتدار میں آئے ملک کے قرضے بڑھ گئے۔
ان کا کہنا تھا کہ نواز شریف کے بیٹے اربوں روپے کے گھروں میں رہتے ہیں، نواز شریف کے بیٹے ان مہنگے علاقوں میں رہتے ہیں جہاں برطانیہ کا وزیراعظم بھی نہیں رہ سکتا۔
پی ٹی آئی چیئرمین نے کہا کہ حسن شریف جس گھر میں رہتے ہیں اس کی قیمت 10 ارب روپے ہے، حسن شریف سے پوچھا جاتا ہے، پیسے کہاں سے لائے؟، تو کہتا ہے پاکستان کے شہری نہیں تو جواب کیوں دیں؟
عمران خان نے کہا کہ اسحاق ڈار کے بیٹے بھی باہر رہتے ہیں، یہ اقتدار میں پیسا بنانے کے لیے آتے ہیں، 40 سال سے پاکستان امداد مانگ کر گزارا کر رہا ہے۔
انہوں نے کہا کہ آزاد عدلیہ کے لیے پرویز مشرف کے دور میں جیل رہا، بھارت اور بنگلا دیش ہم سے آگے نکل گئے۔
عمران خان کا کہنا تھا کہ زرداری، شہباز شریف اور تیسری وکٹ کو گرانا ہے، بلاول بھٹو کہتا ہے کہ عمران خان اپنا آرمی چیف لانا چاہتا ہے، عمران خان کو آرمی چیف نہیں چاہیے عمران خان کو میرٹ چاہیے۔
عمران خان نے کہا کہ رانا ثناء اللّٰہ اور شہباز شریف کے لیے بھی پلاننگ کر رہا ہوں، تیسری وکٹ فضل الرحمان کی ہے میں نے ان سوئنگ تیار کر رکھی ہے۔