• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

شہباز بائیڈن ملاقات ’آئس بریکنگ‘ ہے: بلاول بھٹو زرداری

فائل فوٹو
فائل فوٹو

وزیرِ خارجہ، چیئرمین پاکستان پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری کا کہنا ہے کہ امریکی صدر جو بائیڈن اور وزیرِ اعظم شہبازشریف کی ملاقات آئس بریکنگ ہے۔

’جیو نیوز‘ سے گفتگو کے دوران وزیرِ خارجہ، چیئرمین پاکستان پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ امریکا کے دورے کا مقصد موسمیاتی تبدیلی کے نتیجے میں پاکستان میں سیلاب کی تباہی سے آگاہ کرنا تھا۔

’’اپنے عوام کے لیے انصاف لینے امریکا آیا ہوں‘‘

ان کا کہنا ہے کہ امریکا سیلاب متاثرین کے لیے مدد بصورتِ امداد نہیں، بلکہ اپنے عوام کے لیے انصاف لینے آیا ہوں، سیلاب سے تباہی کے قصور وار پاکستانی نہیں، بلکہ امیر ترین ممالک ہیں۔

بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ دورے کے دوران ہمیں اچھا رسپانس ملا ہے، ناصرف ہم نے بلکہ سیکریٹری جنرل اقوامِ متحدہ نے بھی جگہ جگہ پاکستانی متاثرینِ سیلاب کے لیے بات کی۔

انہوں نے کہا کہ اقوامِ متحدہ کے کامیاب ترین دورے پر وزارتِ خارجہ کو مبارک باد دیتا ہوں، دنیا کے ایکشن کی وجہ سے یہ مسئلہ ہوا، دنیا کوبھی ایک ہو کر مدد کرنا ہو گی۔

’’تجویز دی ہے کہ جب ہم قابل ہوں تو قرض ادا کریں گے‘‘

وزیرِ خارجہ نے کہا کہ قرض ادا کر سکتے ہیں لیکن بہتر ہوتا کہ ہم یہ رقم اپنے متاثرینِ سیلاب پر خرچ کرتے، تجویز دی ہے کہ جب ہم اس قابل ہوں تو قرض بھی ادا کر دیں گے، یہ ابھی ابتدائی تجویز ہے۔

انہوں نے کہا کہ شکر گزار ہیں کہ صدر بائیڈن نے دوسرے ممالک کے ساتھ پاکستان کو بھی اپنی دعوت میں بلایا۔

’’آسان شرائط پر نئے قرض کیلئے بڑے ممالک سے بات کر رہے ہیں‘‘

بلاول بھٹو زرداری کا مزید کہنا ہے کہ آسان شرائط پر نئے قرض لینے میں مدد کے لیے بڑے ممالک سے بات کر رہے ہیں۔

وزیرِ خارجہ، چیئرمین پاکستان پیپلز پارٹی نے یہ بھی کہا ہے کہ امریکا کے ساتھ مستقبل میں تعلقات مزید مضبوط کرنا چاہتے ہیں۔

قومی خبریں سے مزید