آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ سے کینیڈین ہائی کمشنر وینڈی گلمور نے الوداعی ملاقات کی۔ آئی ایس پی آر کے مطابق ملاقات میں باہمی دلچسپی کے امور اور علاقائی سلامتی کی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
اس موقع پر آرمی چیف نے دونوں ممالک میں تعلقات کے فروغ کےلیے کینیڈین ہائی کمشنر کے تعاون کو سراہا۔
کینیڈین ہائی کمشنر نے سیلاب سے تباہی پر دکھ کا اظہار کیا اور متاثرین سے اظہار ہمدردی کی۔
آئی ایس پی آر کے مطابق کینیڈین ہائی کمشنر نے پاکستانی عوام کو اپنے ملک کی مکمل حمایت کی پیشکش کی جبکہ انہوں نے ریسکیو اور ریلیف کے لیے پاک فوج کی کوششوں کو بھی سراہا۔
آرمی چیف نے کینیڈا کی حمایت کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ عالمی شراکت داروں کی مدد سیلاب متاثرین کی بحالی میں اہم ہوگی۔