آنجہانی ملکہ الزبتھ کے حوالے سے حیران کن معلومات سامنے آئی ہیں جو کہ ان کے کالے رنگ کے ہینڈ بیگ کے حوالے سے ہیں جو وہ ہمیشہ اپنے ساتھ رکھتی تھیں۔
غیرملکی میڈیا کے مطابق ملکہ الزبتھ دوم جو چیزیں استعمال کرتی تھیں انہیں اس قدر خفیہ رکھا گیا کہ اکثر لوگوں کو اس کے بارے میں معلوم ہی نہیں۔
غیرملکی میڈیا کے مطابق ملکہ الزبتھ دوم کو کئی مواقع پر ہاتھ میں کالے رنگ کا ہینڈ بیگ لئے دیکھا جاچکا ہے۔ 1950ء سے 2022ء کے دوران ان کی کئی تصاویر اور ویڈیوز میں کالے رنگ کے بیگ کو دیکھا جاسکتا ہے۔
رپورٹس کے مطابق ملکہ الزبتھ اپنا ہینڈ بیگ اسٹاف کے ساتھ خفیہ باتیں کرنے کے لئے استعمال کرتی تھیں۔
خبر رساں ایجنسی کے مطابق کسی سے گفتگو کے دوران ملکہ برطانیہ جب بھی اپنا ہینڈ بیگ بائیں ہاتھ سے دائیں ہاتھ پر لیتیں تو اس کا مطلب ہوتا کہ وہ اس شخص سے گفتگو ختم کرنا چاہتی ہیں۔
اسی طرح جب ملکہ برطانیہ گفتگو کے دوران اپنا بیگ زمین پر رکھتیں تو ان کے اسٹاف کے لئے یہ سگنل ہوتا کہ وہ اس شخص کے ساتھ بہتر محسوس نہیں کر رہیں اور وہاں سے جانا چاہتی ہیں۔
رپورٹس کے مطابق کھانے کے دوران جب بھی ملکہ برطانیہ اپنا بیگ ٹیبل پر رکھتیں تو وہ اشارہ ہوتا کہ ملکہ اپنا کھانا 5 منٹ میں ختم کرلیں گی۔
شاہی خاندان کے بائیوگرافر نے میڈیا کو بتایا کہ ملکہ برطانیہ کے بیگ میں بھی عام خواتین کی طرح روزمرہ کی چیزیں ہوتی تھیں جن میں شیشہ، لپ اسٹک اور عینک وغیرہ شامل تھی۔
واضح رہے کہ ملکہ برطانیہ الزبتھ دوم 8 ستمبر کو 96 برس کی عمر میں انتقال کرگئی تھیں۔