سکھر(بیورو رپورٹ)سکھر بیراج سے نکلنے والی روہڑی کینال کا ریگولیٹر خراب ہونے کے باعث کینال کو فوری طور پر بند کردیا گیا ہے ،روہڑی کینال کی بندش سے سکھر سے حیدرآباد تک کینال کے دونوں اطراف آباد زرعی زمینیں متاثر ہوں گی، مرمتی کام مکمل کر کے کینال کو 15جون کو کھول دیا جائے گا، انچارج کنٹرول روم سکھر بیراج عبدالعزیز سومرو کے مطابق سکھر بیراج سے نکلنے والی روہڑی کینال کے پل پال ریگولیٹر کو پانی کے دباؤ کے باعث نقصان پہنچا ہے جس کی وجہ سے کینال کو دس روز کے لئے بند کیا گیاہے، ریگیولیٹر کی مرمت کا کام ہنگامی بنیادوں پر کیا جا رہا ہے تاہم اس میں دس روز لگیں گے اور دس روز تک روہڑی کینال پانی کے لئے بند رہے گی، انہوں نے بتایا کہ کینال کی بندش کے باعث سکھر سے حیدرآباد تک دونوں اطراف کے شہر جن میں نوابشاہ، کنڈیارو، مورو، سکرنڈ، ہالا ، حیدرآباد ودیگر شامل ہیں ان کی زرعی زمینیں متاثر ہوں گی، کینال کی بندش کے باعث دس روز تک زرعی زمینوں کو پانی فراہم نہیں کیا جا سکے گا ۔متعلقہ آبادگاروں کو اطلاع دی گئی ہے کہ وہ دس روز تک متبادل انتظامات کرلیں تاکہ ان کی زرعی زمینوں کو کسی قسم کاکوئی نقصان نہ پہنچے۔