• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

تقاریر سے لگ رہا ہے عمران خان فرسٹریشن کا شکار ہیں، اسحاق ڈار

وفاقی وزیر خزانہ اسحاق ڈار نے کہا ہے کہ سابق وزیراعظم عمران خان کی تقاریر سے لگ رہا ہے کہ وہ فرسٹریشن کا شکار ہیں۔

جیو نیوز کے پروگرام ’کیپٹل ٹاک‘ میں گفتگو کرتے ہوئے اسحاق ڈار نے کہا کہ ڈیل اور ڈھیل صرف عمران خان کی قسمت میں ہے۔

انہوں نے کہا کہ عمران خان کی ہر بات کا جواب دے سکتا ہوں، یہ میری وارننگ کو سنجیدگی سے لیں ورنہ اس کے ساتھ پبلک میں جنگ ہوگی۔

وفاقی وزیر نے مزید کہا کہ عمران خان آپ وہیں ہیں ناں، جو میرے دفتر کے باہر میرا انتظار کرتے تھے، اپنا منہ بند رکھیں اور اخلاق کے دائرے میں رہ کر بات کریں۔

انہوں نے کہا کہ این آر او عمران خان نے اپنی فیملی کو دیا ہے، پی ٹی آئی چیئرمین نے نے ڈیل کرکے مینار پاکستان سے خود کو لانچ کیا تھا۔

وفاقی وزیر خزانہ نے مزید کہا کہ عمران خان نے ڈیل کرکے الیکشن لڑا اور ڈیل کے تحت ہی نواز شریف حکومت کے خلاف دھرنا دیا۔

ان کا کہنا تھا کہ عمران خان نے 126 دن اسلام آباد کو یرغمال بنایا، جس کے باعث پاک چائنا اکنامک کوریڈور (سی پیک) ایک سال تاخیر کا شکار ہوا۔

اسحاق ڈار نے یہ بھی کہا کہ عمران خان نے اپنی حکومت کے دوران ملکی معیشت کو تباہ کیا، پی ٹی آئی چیئرمین کی تقاریر سے لگ رہا ہے کہ وہ فرسٹریشن کا شکار ہیں۔

انہوں نے کہا کہ عمران خان اور اُس کی پوری ٹیم کے اعصاب پر میں سوار ہوں، اپوزیشن جماعتوں کو ماضی میں بھی کہتا رہا ہوں کہ آئیں میثاق معیشت کریں۔

وزیر خزانہ کا کہنا تھا کہ نواز شریف علاج مکمل ہوتے ہی وطن واپس آئیں گے، ن لیگ کے قائد بھی اُسی طرح بری ہوں گے، جیسے مریم نواز عدالتوں سے بری ہوئی ہیں۔

قومی خبریں سے مزید