اپوزیشن اتحاد تحریک تحفظ آئین پاکستان کے ترجمان اخوانزادہ حسین یوسفزئی نے کہا ہے کہ اپوزیشن لیڈر وزیراعظم ہاؤس حتیٰ کہ رانا ثنا اللّٰہ کی رہائش پر ملاقات کے لیے جانے کو تیار ہیں۔
جیو نیوز سے گفتگو کرتے ہوئے اخونزادہ حسین یوسفزئی کا کہنا تھا کہ اگر وزیراعظم اپوزیشن لیڈر چیمبر میں آنا چاہتے ہیں تو ہم خوش آمدید کہتے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ اگر رانا ثنا اللّٰہ دوبارہ ایسا موقف اپنا رہے ہیں تو میں محمود اچکزئی تک ان کا موقف پہنچاؤں گا۔
ترجمان اپوزیشن اتحاد کا کہنا تھا کہ ہم کوئی حکومت کی طرح نہیں کہ روزانہ موقف بدلیں۔ محمود اچکزئی نے واضح کیا اگر بہتری چاہتے ہیں تو قومی ڈائیلاگ اور اتفاق رائے کی ضرورت ہے۔
اخوانزادہ حسین یوسفزئی کا کہنا تھا کہ محمود خان اچکزئی نے قومی حکومت کا ایک فارمولا دیا ہے، محمود اچکزئی نے کہا ہے پہلے مرحلے میں تمام اسٹیک ہولڈرز ایک ساتھ بیٹھ جائیں۔
ترجمان اپوزیشن اتحاد نے کہا کہ پہلے مرحلے میں سیاسی قیدیوں کی رہائی اور شفاف انتخابات کا مرحلہ طے کرنا ہے۔ یہ قومی حکومت آئین میں غیر آئینی ترمیم کو تبدیل کرے گی۔
ان کا کہنا تھا کہ قومی حکومت شفاف انتخابات سے قبل انتخابی اصلاحات میں کردار ادا کرے گی۔