وزیراعظم شہباز شریف نے تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان کو زمین پر سب سے بڑا جھوٹا قرار دے دیا۔
وزیراعظم نے برطانوی میڈیا کو انٹرویو دیتے ہوئے کہا کہ عمران خان کی دھوکے بازیوں نے ملک کی معیشت کو برباد کردیا۔
وزیراعظم نے مزید کہا کہ عمران خان ووٹرز میں خطرناک تقسیم پر عمل پیرا ہیں اور معاشرے میں زہر گھول رہے ہیں۔ وہ ملک کے معاملات کو اپنے ذاتی ایجنڈے کے مطابق چلاتے تھے۔
شہباز شریف نے عمران خان کو تاریخ کا سب سے ناتجربہ کار، خود غرض اور انا پرست سیاست دان بھی قرار دیا۔
سابق وزیراعظم کی آڈیو لیکس پر شہباز شریف نے کہا کہ عمران خان نے ذاتی مفاد کے لیے جھوٹ بول کر ملک کی ساکھ کو نقصان پہنچایا۔
امریکا کے ساتھ تعلقات کے حوالے سے شہباز شریف نے کہا کہ عمران خان نے امریکا کے ساتھ پاکستان کے تعلقات کو بغیر کسی وجہ کے نقصان پہنچایا ہے۔
انہوں نے واضح کیا کہ وہ پاک چین تعلقات کی توثیق کریں گے جو عمران خان کے دور میں رک گئے تھے۔
وزیراعظم نے سی پیک منصوبے کو جاری رکھنے کا عزم کرتے ہوئے کہا کہ چین پاکستان کے قابل اعتماد دوستوں میں سے ایک ہے اور وہ نومبر میں چین کا دورہ کریں گے۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان اس وقت ایک غیر معمولی معاشی بحران سے دوچار ہے جس کی وجہ بڑھتی ہوئی مہنگائی، غیرملکی قرضے اور پاکستان میں آنے والا سیلاب ہے جس میں 1600 افراد ہلاک جبکہ لاکھوں لوگ بے گھر ہوئے۔