• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

فوڈ اتھارٹی کی تعلیمی اداروں و اسپتالوں میں آگاہی مہم کا سلسلہ جاری

کوئٹہ(خ ن)بلوچستان فوڈ اتھارٹی کی جانب سے ناقص خوراک کے تدارک اور اس ضمن میں مراکز مالکان خصوصاً تعلیمی اداروں و ہسپتالوں کی کینٹینز کے ذمہ داران کو آگاہی فراہم کرنے کا سلسلہ جاری ہے۔ اس ضمن میں کوئٹہ شہر کے مختلف علاقوں اور سوراب میں حفظان صحت کے اصولوں کی خلاف ورزی پر 18 متفرق کھانے پینے کے مراکز پر جرمانے عائد کر دئیے گئے ۔ علاوہ ازیں ڈائریکٹر جنرل بی ایف اے محمد نعیم بازئی کی خصوصی ہدایت پر فوڈ سیفٹی ٹیموں نے اسکولوں و کالجز اور ہسپتالوں کی کینٹینز کا معائنہ کیا ، بی ایف اے حکام نے مختلف ہسپتالوں و تعلیمی اداروں میں قائم کینٹینز کا تفصیلی معائنہ کرتے ہوئے صارفین و طلبہ کو فراہم کی جانے والی خوراک اور صفائی کے انتظامات کا تفصیلی جائزہ لیا اورکینٹین مالکان و انتظامیہ کو حفظان صحت کے اصولوں ، فوڈ سیفٹی کی اہمیت ، صفائی و اشیاء ذخیرہ کرنے کے مناسب انتظامات سمیت مختلف اہم امور بارے تفصیلاً آگاہ کیا جبکہ اس حوالے سے خصوصی معلوماتی کتابچے بھی دئیے گئے اور ان پر عملدرآمد یقینی بنانے کی ہدایت کی گئی۔ مزید برآں سوراب میں بی ایف اے کی ڈویژنل ٹیم نے 4 جنرل اسٹورز اور ایک بیکری سے بڑی مقدار میں زائد المیعاد اشیاء برآمد کیں ، 3 ہوٹلوں کو نکاسی آب و صفائی کی انتہائی ابتر صورتحال سمیت مختلف وجوہات پر جرمانہ کیا گیا ۔ دوران معائنہ مراکز سے برآمد شدہ زائد المیعاد و مضر صحت خوردنی اشیاء کو بعدازاں تلف کردیا گیا۔ کوئٹہ کے علاقوں ائیرپورٹ روڈ ، خیزی چوک ، سیٹلائٹ ٹاؤن ، لیاقت بازار ، تولہ رام روڈ میں بی ایف اے ہیڈ کوارٹر کی فوڈ سیفٹی ٹیموں نے مراکز کا معائنہ کرتے ہوئے بالترتیب ملاوٹی دودھ کی فروخت پر 2 ملک شاپس ، ایس او پیز کی خلاف ورزی و پکوان میں ناقص اجزاء کی آمیزش پر ایک کیٹرنگ یونٹ ، ایک ہوٹل ، ایک بیکری جبکہ کم وزن پیڑے سے نان کی تیاری پر 2 نان شاپس اور فوڈ بزنس لائسنس کی عدم دستیابی پر ایک ہوٹل ، ایک ڈرائی فروٹ شاپ اور ایک سپر اسٹور کو جرمانہ کیا گیا۔
کوئٹہ سے مزید