مریم نواز شریف اپنے والد اور بھائیوں کے پاس 4 برس بعد لندن پہنچیں، اس دوران بنائی گئی متعدد تصویریں اور ویڈیوز سوشل میڈیا پر خوب وائرل ہیں۔
گزشتہ رات ایون فیلڈ ہاؤس میں جذباتی مناظر دیکھے گئے جہاں کئی صعوبتیں جھیل کر لندن پہنچنے والی مریم نواز شریف کے والد کے گلے لگتے ہی آنسو نکل آئے۔
گزشتہ رات چار سال بعد شریف خاندان کے افراد دوبارہ اکٹھے ہوئے۔
مریم نواز کو پہلے بھائی حسین نواز نے جذباتی انداز میں گلے لگا کر استقبال کیا بعد ازاں بھائی حسن نواز نے گلے لگایا اور حوصلہ دیا۔
کچھ دیر قبل مریم اورنگزیب نے بھی مریم نواز کی لندن سے تازہ تصویر سوشل میڈیا پر شیئر کرتے ہوئے اپنے جذبات کا اظہار کیا ہے۔
مریم اورنگزیب کا اپنے ٹوئٹ میں لکھنا ہے کہ یہ تصویر وہ کرب بیان نہیں کر سکتی جو نواز شریف اور بہادر مریم نے قیدِ ناحق، بہتان، ذہنی اذیت، اپنوں کو کھونے کے غم کی صورت میں سہا اور الوداع کہتیں بیگم کلثوم سے دور کیے گئے جب اِنہیں قریب رہنا تھا۔
انہوں نے سوالیہ انداز میں لکھا ہے کہ اس ناانصافی کا مداوا ممکن ہے؟
مریم اورنگزیب کا ٹوئٹ میں بتانا ہے کہ والد سے لپٹی سرخرو بیٹی(مریم نواز)، مگر مشکلات اور ظلم میں ایک آنسو نہ گرا۔
واضح رہے کہ جھوٹے مقدمات اور الزامات سہنے والی مریم نواز کے آنکھوں میں 4 سال تک آنسو نہیں آئے جبکہ والد سے ملنے کے بعد مریم نواز کی آنکھوں میں ایک نئی چمک اور حوصلہ نظر آ رہا تھا۔