گلگت بلتستان کے سینئر وزیر کرنل ریٹائرڈ عبیداللّٰہ بیگ آج صبح واپس اپنے گھر پہنچ گئے۔
کرنل عبیداللّٰہ بیگ کی بازیابی اغوا کاروں سے کامیاب مذاکرات کے نتیجے میں ہوئی۔
واضح رہے کہ گلگت بلتستان کے وزیر عبیداللّٰہ کو مسلح افراد نے اغوا کر لیا تھا۔
پولیس ذرائع کے مطابق صوبائی وزیر کو اسلام آباد سے گلگت آتے ہوئے بابوسر سے اغوا کیا گیا تھا۔
ذرائع کا کہنا تھا کہ اغوا کاروں نے جیل میں قید ساتھیوں کی رہائی کا مطالبہ کیا ہے۔
اس حوالے سے سابق ترجمان گلگت بلتستان حکومت فیض اللّٰہ نے کہا تھا کہ عبیداللّٰہ سے میری بات ہوئی ہے، صوبائی وزیر کی رہائی کے لیے مذاکرات ہو رہے ہیں، مذاکرات میں علمائے کرام اور عمائدین بھی شامل ہیں۔
فیض اللّٰہ نے کہا کہ تھک جل کے مقام پر مذاکرات کا آخری مرحلہ جاری ہے، میں تھک جل کے مقام پر جرگے میں موجود ہوں۔
یاد رہے کہ صوبائی وزیر عبیداللّٰہ پی ٹی آئی کے ٹکٹ پر جی بی اے ہنزہ 6 سے منتخب ہوئے تھے۔