• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

عمران خان کی نئی مبینہ آڈیو لیک پر مریم نواز کا ردِ عمل


پاکستان مسلم لیگ ن کی نائب صدر مریم نواز شریف کی جانب سے چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان کی نئی مبینہ آڈیو لیک پر ردِ  عمل کااظہار کیا گیا ہے۔

لندن میں اپنے والد کے ساتھ موجود مریم نواز شریف نے گزشتہ روز ایک انٹرویو کے دوران سابق وزیر اعظم عمران خان کی نئی مبینہ آڈیو لیک سے متعلق پوچھے گئے سوال کے جواب میں  کہا کہ مجھے اُن لوگوں سے ہمدردی ہے جو عمران خان کی کبھی حمایت اور اس پر یقین کیا کرتے تھے۔

مریم نواز نے مزید کہا کہ عمران خان خود بھی اراکین کی خریدو فروخت کر رہا تھا، اس شخص میں اتنی اخلاقی جراّت نہیں ہے کہ یہ اپنے لوگوں سے اپنے کیے پر معافی مانگے، اس کی سزا یہ ہے کہ بس اس کا گھناؤنا اور منافق چہرہ سب کے سامنے آ جائے۔

انہوں نے انٹرویو کے دوران کہا کہ عمران خان کی ہر بات جھوٹی ہے، یہ دوبارہ سے حکومت میں آنے کے لیے بیساکھیاں ڈھونڈ رہے ہیں، مجھے عمران خان کی نئی آڈیو لیکس کی معلومات بھی ملی ہیں۔

مریم نواز کا کہنا تھا کہ مجھے نہیں معلوم کہ میر جعفر اور میر صادق کسے کہتا ہے، یہ تو عمران خان خود ہی بتا سکتا ہے، یہ اس وقت ڈیل کی تلاش میں ہے اس لیے ایسی باتیں کر رہا ہے۔

ایک سوال کے جواب میں مریم نواز شریف کا کہنا تھا کہ اگر یہ سیاسی شخصیت ہوتا تو میں اپنی جماعت سے اس کے ساتھ مزاکرات کے لیے کہتی اور خود بھی مزاکرات میں بیٹھتی مگر یہ شخص سیاست نہیں کررہا۔

قومی خبریں سے مزید