• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

وزیر خزانہ اسحاق ڈار کی زیر صدارت ایکنک اجلاس کا اعلامیہ جاری

فوٹو فائل—اسکرین گریب
فوٹو فائل—اسکرین گریب

وفاقی وزیر خزانہ سینیٹر اسحاق ڈار کی زیر صدارت ایگزیکٹو کمیٹی آف دی نیشنل اکنامک کونسل (ایکنک) کے اجلاس کا اعلامیہ وزارت خزانہ نے جاری کر دیا گیا۔

وزارت خزانہ کی جانب سے جاری کردہ اعلامیے کے مطابق سیالکوٹ میں 500 کے وی کا سب اسٹیشن بنانے کی منظوری دے دی گئی، جس کے قیام پر31 ارب 82 کروڑ روپے لاگت آئے گی، 17 ارب 20 کروڑ روپے کی فنڈنگ فرانس کا ترقیاتی ادارہ فراہم کرے گا۔

وزارت خزانہ کے اعلامیے کے مطابق این ٹی ڈی سی سسٹم میں بہتری کے لیے 500 اور 220 کے وی کے منصوبے کی منظوری دی گئی ہے، این ٹی ڈی سی سسٹم میں بہتری پر 15 ارب روپے سے زیادہ لاگت آئے گی، اے ڈی بی بہتری کے منصوبے کے لیے 8 ارب 92 کروڑ روپے فراہم کرے گا۔

وزارت خزانہ نے کہا کہ منصوبے سے رحیم یار خان، فیصل آباد، ملتان، شیخوپورہ، دادو، کشمور کے صارفین کو فائدہ ہوگا، بجلی کی طلب پوری ہونے کے ساتھ لائن لاسز میں کمی آئے گی۔

اعلامیے کے مطابق وہاڑی میں 220 کے وی سب اسٹیشن کو 500 کے وی پر منتقل کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے، وہاڑی میں سب اسٹیشن کی اپ گریڈیشن پر 17 ارب روپے سے زیادہ لاگت آئے گی۔

وزارت خزانہ کے مطابق اجلاس میں چشمہ رائٹ بینک کینال منصوبے کی تعمیر کی منظوری دی گئی ہے، چشمہ رائٹ بینک کینال منصوبے پر 189 ارب 60 کروڑ روپےخرچ ہوں گے، وفاقی حکومت 65 فیصد جبکہ خیبرپختونخوا حکومت 35 فیصد فنڈ کا انتظام کرے گی۔

اعلامیے کے مطابق اجلاس میں 43 ارب 80 کروڑ لاگت کے نولانگ ملٹی پرپز ڈیم کی بھی منظوری دی گئی ہے، ضلع جھل مگسی میں 186 فٹ اونچا اور 2996 فٹ طویل ڈیم تعمیر کیا جائے گا، منصوبے سے سیلاب کی روک تھام، غربت میں کمی اور سماجی ترقی ہو گی۔

وزارت خزانہ کا کہنا ہے کہ ایچ ای سی نےافغان طلبہ کے لیے علامہ اقبال اسکالرشپ منصوبے کی منظوری دی ہے، افغان طلباء کو 4500 اسکالرشپ دیے جائیں گے، جس پر 12ارب 70 روپے لاگت آئے گی۔

اجلاس میں قومی شاہراہ این 25 کراچی کوئٹہ چمن روڈ کو دو رویہ کرنے کا منصوبہ منظور کیا گیا ہے، این 25 کو دو رویہ کرنے پر 74 ارب 71 کروڑ روپے لاگت آئے گی، منصوبے کے تحت کراچی تا خضدار سڑک کو دو رویہ بنایا جائے گا۔

وزیر خزانہ کے مطابق قومی شاہراہ کاروودھ کا 83 کلومیٹر حصہ مکمل کرنے کی اور کچلاک چمن کا 104کلو میٹر حصہ مکمل کرنے کی منظوری دی گئی ہے، منصوبہ مکمل کرنے پر 67 ارب 67 کروڑ روپے لاگت آئے گی ، چترال بونی مستوج شندور روڈ کو چوڑا کرنے کا منصوبہ منظور کیا گیا ہے، جس پر 17 ارب 78 کروڑ روپے خرچ ہوں گے۔

اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ لواری روڈ ٹنل کا نظرثانی شدہ منصوبہ بھی منظور کیا گیا ہے، جس پر 27 ارب 96 کروڑ روپے خرچ ہوں گے، وزارت خوراک کا ٹڈی دل کنٹرول ایمرجنسی اور فوڈ سیکیورٹی کا منصوبہ بھی منظور کیا گیا ہے، ٹڈی دل کنٹرول ایمرجنسی اور فوڈ سیکیورٹی پر 26 ارب روپے سے زائد خرچ ہوں گے۔

اجلاس میں پنجاب میں زرعی شعبے کی بہتری کے 74 ارب 75 کروڑ کے منصوبے بھی منظور کیے گئے ہیں، وزارت منصوبہ بندی کا ٹیکنو اکنامک فیزیبلٹی اسٹڈیز کا منصوبہ منظور کیا گیا ہے، صوبے منصوبوں کے پراجیکٹ ڈیویلپمنٹ فیسیلٹی فنڈ کے قیام کے پابند ہوں گے۔

قومی خبریں سے مزید