• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

5 ارب ڈالرز کی پیشکش پر ایبسلوٹلی ناٹ کہا، نواز شریف

نواز شریف—فائل فوٹو
نواز شریف—فائل فوٹو

مسلم لیگ ن  کے قائد نواز شریف نے کہا ہے کہ ہمیں 5 ارب ڈالرز پیش کیے گئے، ہم نے اس پر کہا ایبسلوٹلی ناٹ، پاکستان کی اپنی غیرت ہے، اس پر کوئی کمپرومائز نہیں ہوگا۔

لندن میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے نواز شریف نے کہا کہ مجھ سے آپ کو انتقام لینا تھا آپ لے لیتے، پاکستان سے انتقام لینے کا آپ کو کس نے کہا، آپ نے پاکستان کا بھٹہ بٹھا دیا ہے۔

نواز شریف نے کہا کہ عمران خان کے دور میں ہر چیز مہنگی ہوئی ہے، میرے دور تک عوام خوش تھے۔

مسلم لیگ ن کے قائد نے کہا کہ وہ مناظر یاد آرہے ہیں جو پاکستان میں اترتے ہی انہوں نے ہمارے ساتھ کیا۔

انہوں نے کہا کہ اللّٰہ کا بڑا شکر ہے، آج مریم میرے ساتھ بیٹھی ہیں، مریم نے وہ ثبوت دیا جیسے بہادر بیٹی اپنے باپ کا ساتھ دے کر دیتی ہے، شہباز شریف اور پارٹی اس بات کی معترف ہے، مجھے مریم پر فخر ہے۔

’’والدہ نے میرے ہاتھوں میں جان دی‘‘

نواز شریف نے مزید کہا کہ میں والدہ کے سرہانے بیٹھا تھا، والدہ نے میرے ہاتھوں میں جان دی۔

انہوں نے کہا کہ والدہ پنڈی والی جیل آ کر مجھ سے کہتی تھیں تمہارے بغیر واپس نہیں جانا، وہ کہتی تھیں میں بھی اس کے ساتھ رہوں گی، مجھے بھی یہیں رکھ لو۔

’’بیمار بیوی سے بات نہیں کرائی گئی‘‘

نواز شریف نے کہا کہ بیمار اہلیہ سے میری بات نہیں کرائی گئی، میں نے ان کی منتیں کیں کہ میری بات کرا دیں۔

نواز شریف کا کہنا تھا کہ 3 گھنٹے بعد میرے پاس آتے ہیں کہ جی ہمیں بڑا دکھ ہے، آپ کی بیگم فوت ہوگئیں، آپ اندازہ کرسکتے ہیں کہ میرے اوپر کیا گزری ہوگی، کہنے لگے ہم مریم کی طرف جا رہے ہیں انہیں اطلاع کرنی ہے۔

ن لیگ کے قائد نے مزید کہا کہ میں نےکہا کہ ہرگز نہیں، آپ مریم کو اطلاع نہیں دیں گے، میں خود جاکر مریم کو اطلاع کروں گا۔

انہوں نے کہا کہ میں نے مریم کو یہ بات بتائی تو وہ سکتے میں آ گئی اور زار و قطار رونا شروع کر دیا جس کے بعد میں نے بڑی مشکل سے مریم کو سنبھالا۔

نواز شریف نے یہ بھی کہا کہ یہ بتانے کے لیے کہ آپ کی بیوی بیمار ہے تو مرنا بھی پڑتا ہے۔

قومی خبریں سے مزید