ٹھٹھہ میں مکلی پولیس نے ایک گھر پر چھاپہ مار کر 2 ماہ سے قید 13 سال کی لڑکی کو بازیاب کروالیا، تشدد کا نشانہ بنانے کے الزام میں اس کے باپ اور سوتیلی ماں کو گرفتار کر کے مقدمہ درج کرلیا گیا۔
پولیس کا کہنا ہے کہ شوہر کی سابقہ بیوی اور لڑکی کی والدہ کی شکایت پر چھاپہ مارا گیا۔
متاثرہ لڑکی کا کہنا ہے کہ موبائل فون پر بات کرنے اور گھر کے کام میں دیر ہوجانے پر تشدد کیا جاتا تھا۔
ایس ایچ او مکلی تھانہ عبدالمجید بروہی نے پولیس کی بھاری نفری کے ہمراہ مکلی کی شاہ لطیف کالونی میں گھر پر چھاپہ مار کر قید 13 سالہ لڑکی حبیبہ کو بازیاب کروالیا۔
پولیس کا کہنا ہے کہ بچی کی گردن، چہرے اور ٹانگوں پر زخموں کے نشانات ہیں۔
متاثرہ لڑکی نے پولیس کو بتایا کہ اس کے والد اسماعیل بنگالی اور اس کی سوتیلی ماں نے اسے قید کر کے رکھا ہوا تھا، دونوں اسے مارتے اور دوپٹہ سے گلہ بھی دباتے تھے۔
ایس ایچ او مکلی عبدالمجید بروہی کے مطابق حبیبہ کی سگی ماں کو طلاق دی گئی تھی، اسی کی اطلاع پر پولیس نے کارروائی کرتے ہوئے لڑکی کو بازیاب کرواکر اس کے والد اور سوتیلی ماں کو گرفتار کر کے مقدمہ درج کرلیا ہے۔