وزیراعظم شہباز شریف کا کہنا ہے کہ سعودی عرب نے ہمیشہ داخلی اور خارجی محاذ پر پاکستان کا ساتھ دیا ہے، یہ بات انہوں نے اسلام آباد میں سعودی ڈیولپمنٹ فنڈ کے وفد سے ملاقات کے دوران کہی۔
وزیراعظم نے خادم حرمین شریفین شاہ سلمان اور ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ حالیہ سیلاب کی تباہی سے نمٹنے کیلئے سعودی عرب نے پاکستان کی ہر طرح مدد کی۔
شہباز شریف کا کہنا تھا کہ پاکستان کو سعودی قیادت کی ہمیشہ غیرمشروط حمایت اور مدد حاصل رہی ہے۔
وزیراعظم نے سعودی وفد کو پاکستان میں شمسی توانائی کے شعبے میں سرمایہ کاری کی پیشکش کی، انہوں نے کہا کہ توانائی کے اس سستے اور صاف ذریعے کو فروغ دینے پر خاص توجہ دے رہے ہیں۔
انہوں نے متعلقہ حکام کو ہدایت دی کہ سعودی ڈیولپمنٹ فنڈ سے متعلق زیر التوا منصوبوں کی راہ میں رکاوٹیں دور کریں۔
وزیراعظم نے مزید کہا کہ سعودی عرب نے گرانٹ اور قرضوں کی فراہمی سمیت سرمایہ کاری کی صورت میں بھی پاکستان کی ترقی میں اہم کردار ادا کیا ہے۔