وزیراعظم شہباز شریف کا کہنا ہے کہ ہم پر بغیر ثبوت کے الزامات لگائے گئے، برطانیہ کی کرائم ایجنسی کو کاغذات بھیجےگئے، برطانیہ کی ایجنسی نے دو سال انکوائری کی، کیا ملا؟ آپ چور ڈاکو کا سرٹیفکیٹ بانٹتے رہے، خدارا قوم پر رحم کریں، قوم کے ہاتھوں میں لیپ ٹاپ دیں۔
اسلام آباد میں تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم نے کہا کہ آپ نے قوم کا حشر نشر کر دیا ہے، قوم میں تقسیم کر دی ہے، 4 سال ہاتھ نہیں ملایا، اب کہتے ہیں آکر بات کریں۔
شہباز شریف نے کہا کہ یوتھ پروگرام کا اجراء پاکستانی قوم کی بڑی خدمت ہے، مسلم لیگ ن کے دور میں نوجوانوں کیلئے شاندار پروگرام ترتیب دیے گئے، نواز شریف کی قیادت میں ان پروگراموں کی کامیابی سے تکمیل کی گئی، ہنر مند پروگرام کے ذریعے لاکھوں گھرانوں کو روزگار میسر آیا، ہم نوجوانوں کو لیپ ٹاپ نہ دیتے تو کیا بندوق دیتے؟ لیپ ٹاپ اسکیم کے ذریعے نوجوانوں کو اعلیٰ تعلیم کے حصول میں مدد ملی۔
وزیراعظم نے کہا کہ معاشرے میں تقسیم پیدا کرنا اور زہر گھولنا افسوسناک بات ہے، ہم نے نوجوانوں کو 75 ہزار گاڑیاں دیں تاکہ روزگار کے قابل ہوسکیں، بچوں اور بچیوں کی تعلیم کیلئے پروگراموں پر اربوں روپےخرچ کیے۔
شہباز شریف نے مزید کہا کہ ہچکولے کھاتی ہوئی معیشت کو ڈیفالٹ ہونے سے بچایا، سیلاب متاثرین میں 66 ارب روپے تقسیم کیے جا چکے ہیں، سیلاب متاثرین کو بینظیر انکم سپورٹ پروگرام کے ذریعے فوری کیش فراہم کر رہے ہیں۔
انہوں نے مزید کہا کہ دوست ممالک نے سیلاب زدگان کی امداد کیلئے پاکستان کا ساتھ دیا۔