• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

عمران خان، اسد عمر سمیت 100 کارکنوں پر مقدمہ درج

فائل فوٹو
فائل فوٹو

الیکشن کمیشن کی جانب سے عمران خان کو نااہل کرنے پر گزشتہ روز تحریک انصاف کے کارکنوں کی جانب سے توڑ پھوڑ اور احتجاج کیا گیا تھا۔

احتجاج اور توڑ پھوڑ کے معاملے پر چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان، اسد عمر، علی نواز سمیت 100 کارکنوں پر مقدمہ درج کیا گیا ہے۔

مقدمہ اسلام آباد کے تھانہ سنگجانی میں پولیس کی مدعیت میں درج کیا گیا ہے جس میں دہشت گردی سمیت 10دفعات شامل کی گئی ہیں۔

ایف آئی آر کے متن کے مطابق کارکنوں نے قیادت کی ایماء پر سرینگر ہائی وے کو بلاک کیا۔

مقدمے کے متن کے مطابق کارکنوں نے پولیس پر پتھراؤ اور توڑ پھوڑ بھی کی۔

واضح رہے کہ گزشتہ روز توشہ خانہ کیس کا فیصلہ سناتے ہوئے الیکشن کمیشن نے پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے چیئرمین اور سابق وزیرِ اعظم عمران خان کو نااہل قرار دیا تھا۔

چیف الیکشن کمشنر سکندر سلطان راجہ کی سربراہی میں 4 رکنی بینچ نے توشہ خانہ کیس کا فیصلہ سنایا۔

الیکشن کمیشن نے فیصلے میں کیا کہا؟

الیکشن کمیشن نے اپنے متفقہ فیصلے میں کہا ہے کہ ہماری رائے ہے کہ عمران خان نااہل ہیں۔

الیکشن کمیشن کے فیصلے میں کہا گیا ہے کہ عمران خان اب رکنِ قومی اسمبلی نہیں رہے، ان کی نشست خالی قرار دی جاتی ہے۔

الیکشن کمیشن کے فیصلے کے مطابق عمران خان کو آئین کے آرٹیکل 63 پی کے تحت نااہل قرار دیا گیا ہے۔

قومی خبریں سے مزید