پاکستانی سینئر صحافی و ٹی وی اینکر ارشد شریف کے پولیس کی فائرنگ سے قتل پر کینیا پولیس کی ابتدائی رپورٹ سامنے آ گئی۔
کینیا پولیس کی رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ ارشد شریف کی گاڑی ان کا رشتے دار چلا رہا تھا، مگادی ہائی وے پر پولیس نے چھوٹے پتھر رکھ کر روڈبلاک کیا تھا۔
کینیا پولیس کی رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ ارشد شریف کی کار روڈ بلاک ہونے کے باوجود نہیں رکی، پولیس آفیسرز نے کار نہ رکنے پر فائرنگ کی۔
کینیا پولیس کی رپورٹ میں یہ بھی کہا گیا ہے کہ کار پر 9 گولیاں فائر کی گئیں، جن میں سے ایک ارشد شریف کے سر میں لگی۔
دوسری جانب کینیا کی انڈیپنڈنٹ پولیس اوور سائٹ اتھارٹی کی چیئرپرسن این ماکوری نے پاکستانی سینئر صحافی و ٹی وی اینکر ارشد شریف کے پولیس کے ہاتھوں قتل کے حوالے سے پریس کانفرنس کی ہے۔
ان کا کہنا ہے کہ گزشتہ شام کجیاڈو کاؤنٹی میں ایک پاکستانی کو مبینہ طور پر پولیس نے قتل کر دیا، ریپیڈ رسپونس ٹیم جائے حادثہ پر بھیج دی گئی ہے۔
کینیا کی انڈیپنڈنٹ پولیس اوور سائٹ اتھارٹی کی چیئرپرسن کا کہنا ہے کہ پاکستانی شہری کا نام ارشد محمد شریف ہے جن کی عمر 50 سال تھی۔
انہوں نے مزید کہا ہے کہ ارشد شریف کے قتل کی تحقیقات کی جا رہی ہیں، صحافی کے قتل سے متعلق اتھارٹی کی تحقیقات شفاف ہوں گی۔
کینیا کی انڈیپنڈنٹ پولیس اوور سائٹ اتھارٹی کی چیئرپرسن این ماکوری کا یہ بھی کہنا ہے کہ نیشنل پولیس سروس ارشد شریف کے قتل کی تحقیقات کر رہی ہے۔
واضح رہے کہ سینئر صحافی اور اینکر ارشد شریف کو کینیا میں قتل کرنے کی تصدیق کرتے ہوئے ان کی اہلیہ جویریہ صدیق کا کہنا ہے کہ پولیس کے مطابق ارشد شریف کو کینیا میں گولی ماری گئی۔
ارشد شریف کچھ روز پہلے دبئی سے لندن بھی گئے تھے اور پھر کینیا چلے گئے تھے۔