• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

ارشد شریف کو پولیس نے سر میں گولی مار کر قتل کیا: کینیا میڈیا

سینئر صحافی اور اینکر پرسن ارشد شریف کے قتل کے حوالے سے کینیا کے میڈیا کا کہنا ہے کہ ارشد شریف کو پولیس نے سر میں گولی مار کر ہلاک کیا۔

کینیا کے میڈیا کے مطابق ارشد شریف کو ایک چیک پوائنٹ پر شناخت میں غلطی کی وجہ سے پولیس فائرنگ کا نشانہ بنایا گیا۔

کینیا کے مقامی میڈیا کے مطابق مقامی سینئر پولیس افسر نے فائرنگ کی تصدیق کرتے ہوئے کہا ہے کہ ارشد شریف کو ایک چیک پوائنٹ پر شناخت میں غلطی کی وجہ سے فائرنگ کا نشانہ بنایا گیا، واقعے کی مزید تحقیقات جاری ہیں۔

کینیا کے میڈیا کا کہنا ہے کہ صحافی ارشد شریف کو اتوار کی رات نیروبی مگادی ہائی وے پر گولی ماری گئی، ارشد شریف کی موت سے متعلق کینیا کی پولیس بیان بعد میں جاری کرے گی۔

کینیا کے میڈیا نے واقعے کی تفصیلات بتاتے ہوئے کہا ہے کہ نیروبی کے علاقے پنگانی میں بچے کو یرغمال بنانے پر گاڑیوں کی چیکنگ کی جا رہی تھی، پولیس کو مغوی بچے کو لے جانے والی گاڑی روکنے کی کال موصول ہوئی تھی، اس دوران ارشد شریف کی گاڑی وہاں سے گزری جو بچے کو لے جانے والی کار جیسی تھی۔

کینیا کے میڈیا نے مزید بتایا ہے کہ جس کار میں ارشد شریف سوار تھے اسے روک کر شناخت ظاہر کرنے کے لیے کہا گیا، ارشد شریف کی گاڑی مبینہ طور پر نہیں روکی گئی اور روڈ بلاک ہونے کے مقام سے گزر گئی، گاڑی نہ روکنے پر پولیس نے مختصراً اس کا پیچھا کیا اور گولی چلا دی جس سے ارشد شریف کی موت واقع ہوئی۔

کینیا کے میڈیا کا یہ بھی کہنا ہے کہ فائرنگ کے نتیجے میں گاڑی الٹ گئی، جس کا ڈرائیور زخمی ہو گیا، جسےاسپتال لے جایا گیا، زخمی ڈرائیور نے بتایا ہے کہ وہ اور اس کا ساتھی ڈیولپر تھے اور مگاڈی میں ایک سائٹ کی طرف جا رہے تھے۔

مقتول کی اہلیہ نے قتل کی تصدیق کی

واضح رہے کہ سینئر صحافی اور اینکر ارشد شریف کو کینیا میں قتل کرنے کی تصدیق کرتے ہوئے ان کی اہلیہ جویریہ صدیق کا کہنا ہے کہ پولیس کے مطابق ارشد شریف کو کینیا میں گولی ماری گئی ہے۔

ذرائع کے مطابق کینیا کی مقامی پولیس کی جانب سے واقعے کی تحقیقات جاری ہیں۔

ارشد شریف کچھ روز پہلے دبئی سے لندن بھی گئے تھے اور پھر کینیا چلے گئے تھے۔

قومی خبریں سے مزید