• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

بھارت، قبر سے 10سالہ بچی کا سر غائب ہوگیا

تصویر بشکریہ بھاتی میڈیا
تصویر بشکریہ بھاتی میڈیا 

بھارتی ریاست تامل ناڈو میں قبر سے 10 سالہ بچی کا سر غائب ہونے کا واقعہ پیش آیا ہے۔

بھارت سے آئے دن دل دہلا دینے والی خبروں کا آنا ایک معمول کی بات ہے، ایسے میں اپنی ہی نوعیت کا ایک اور واقعہ سامنے آیا ہے جسے پڑھ کر ہر انسان خوف میں مبتلا ہو جائے گا۔

بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق ایک ہفتہ قبل ہی دفنائی گئی 10 سالہ بچی، کریتیکا کی قبر سے سر غائب ہو گیا ہے۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق کریتیکا  چَھٹی جماعت کی طالبہ تھی جس کے سر پر بجلی کا کھمبا گرنے سے موت واقع ہوئی تھی۔

یہ حادثہ پیش آنے کے بعد کریتیکا 9 دن تک اسپتال میں زندگی اور موت کی جنگ لڑتی رہی اور 14 اکتوبر کو زندگی کی بازی ہار گئی۔

بھارتی میڈیا کے مطابق کریتیکا کے خاندان نے اس کی آخری رسومات ادا کیں اور 15 اکتوبر کو کریتیکا کو دفنا دیا، دو ہفتے بعد اس کے والدین نے قبر کے کھُلنے کا شبہ ظاہر کرتے ہوئے پولیس کو اطلاع دی۔

اس شکایت پر پولیس اور سرکاری حکام نے کارروائی کرتے ہوئے قبر کشائی کر کے سر کے غائب ہونے کی تصدیق کی۔

قبر کشائی اور جانچ کے دوران پولیس کو استعمال شدہ دستانے اور ایک ٹارچ بھی ملی ہے، پولیس کی جانب سے اس واقعے میں دشمنی کے شبہے کا اظہار کیا جا رہا ہے۔

پولیس کا یہ بھی کہنا ہے کہ بچی کا سر جادو ٹونے کرنے والوں کی جانب سے بھی غائب کیا جا سکتا ہے۔

بین الاقوامی خبریں سے مزید