• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

سپریم کورٹ کی اعظم سواتی کے جوڈیشل ریسٹ ہاؤس میں قیام کی تردید

پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے رہنما سینیٹر اعظم سواتی کی جانب سے جوڈیشل ریسٹ ہاؤس میں مبینہ ویڈیو ریکارڈنگ کے الزام کے معاملے پر سپریم کورٹ کا مؤقف بھی سامنے آگیا۔

سپریم کورٹ نے جوڈیشل ریسٹ ہاؤس کوئٹہ میں اعظم سواتی کے قیام کی تردید کردی۔

اس سلسلے میں جاری اعلامیے کے مطابق جوڈیشل ریسٹ ہاؤس کوئٹہ کا انتظام رجسٹرار آفس سپریم کورٹ کے پاس ہے، جوڈیشل ریسٹ ہاؤس میں صرف موجودہ اور ریٹائرڈ ججز قیام کر سکتے ہیں۔

سپریم کورٹ کے اعلامیے میں کہا گیا کہ اعظم سواتی نے سپریم کورٹ ریسٹ ہاؤس کوئٹہ میں کبھی قیام نہیں کیا۔

اعلامیے میں کہا گیا کہ اسپیشل برانچ بلوچستان کے مطابق اعظم سواتی بلوچستان جوڈیشل کمپلیکس میں رہے ہیں، بلوچستان جوڈیشل کمپلیکس سپریم کورٹ کے کنٹرول میں نہیں ہے۔

یاد رہے کہ اعظم سواتی نے پریس کانفرنس میں جوڈیشل لاجز کوئٹہ میں قابل اعتراض ویڈیو ریکارڈنگ کا الزام لگایا تھا۔

قومی خبریں سے مزید