لاہور(نمائندہ جنگ)تحریک انصاف کے مرکزی رہنما سینیٹر اعظم سواتی نے کہا ہے کہ اہلیہ کیساتھ میری ذاتی ویڈیوز نامعلوم نمبر سے بیٹی کو بھیجی گئیں،جو افسوسناک عمل ہے،میرا قصور یہ ہے کہ16 ارب روپے کی کرپشن پر سوال کیا۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے ہفتے کے روز لاہور میں 90شاہراہ قائد اعظم مال روڈ پر پریس کانفرنس کرتے ہوئے کیا ۔ اعظم سواتی نے کہا کہ ہمارا ملک بہت دور جا چکا ہے، مجھے شرم آتی ہے مائوں بہنوں بیٹیوں سے جو عزت سے میری بات سنتی ہوں گی،رات کو میری بیوی نے لاہور میں مجھے کال کی تو اس کی ہچکیاں اور چیخ و پکار سنی، مجھے تین سٹنٹ لگے ہوئے ہیں ،میری بیٹی جو امریکہ سے مجھ پر تشدد کی وجہ سے آئی ہے،اسے ایک نامعلوم نمبر سے ویڈیو بھیجی گئی جس پر میری بیٹی روتی رہی۔ویڈیوکا ذکر کرتے اعظم سواتی رونے لگے ۔ اعظم سواتی نے کہاکہ صادق سنجرانی آپ بلوچ ہو میری عزت کروائو،میری بیوی، بیٹی ، پوتیوں کو قائد اعظم کے پاکستان میں مجبور کیا گیا وہ ملک چھوڑ کر چلے جائیں۔میری بیوی ، بہو تین پوتیاں ملک سے جا چکی ہیں۔ سب کچھ ملک کو دیا میرا کیا قصور ہے ۔آج اپنے آپ سے سوال کررہا ہوں یہ وہ ملک پاکستان ہے جس میں خاوند و بیوی کا تقدس پامال ہوتاہے۔مجھے کوئی دبائو میں نہیں لا سکتا کیونکہ کبھی کرپشن نہیں کی ۔اگر غلط کام نہیں کیا تو بیوی کے ساتھ ویڈیو نکال لی , خود کشی نہیں کرسکتا لیکن اس ملک میں رہ کر ظلم کا مقابلہ کروں گا۔