• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

پی آئی اے کے استنبول فضائی آپریشن کا آج سے آغاز

فوٹو: فائل
فوٹو: فائل

پاکستان انٹرنیشنل ایئر لائنز (پی آئی اے) کا مسافروں کی سہولت کے لیے استنبول فضائی آپریشن (آج) منگل 15 نومبر سے شروع ہوگا، پاکستان سے ترکی، یورپ، برطانیہ اور امریکا جانے والے مسافروں کے لیے یہ خوشی کی خبر ہے۔

اس سلسلہ کی پہلی پرواز صبح ساڑھے 7 بجے اسلام آباد سے روانہ ہوگی، وفاقی وزیر ہوا بازی خواجہ سعد رفیق پہلی پرواز کو الوداع کریں گے۔

پی آئی اے کے ترجمان عبداللّٰہ حفیظ کے مطابق استنبول فضائی آپریشن کی پہلی پرواز کو اسلام آباد انٹر نیشنل ایئر پورٹ سے صبح ساڑھے سات بجے وفاقی وزیر ہوابازی خواجہ سعد رفیق الوداع کریں گے جبکہ پی آئی اے کے چیف ایگزیکٹو افسر ایئر وائس مارشل محمد عامر حیات پرواز کے ہمراہ استنبول جائیں گے۔

استنبول پہنچنے پر ترکش ایئر لائن کے چیف ایگزیکٹو بلال عکسی افتتاحی پرواز کا استقبال کریں گے۔

پی آئی اے نے آفیشل ٹوئٹر ہینڈل پر مسافروں کے لیے چند روز قبل یہ خوشخبری شیئر کی اور مسافروں کو ایڈوانس بکنگ کی پیشکش کی تھی۔

پی آئی اے اور ایوی ایشن حکام نے پرواز کی روانگی کے لیے تمام تیاریاں پہلے سے ہی مکمل کر رکھی ہیں۔ مسافر استنبول کے راستے امریکا، برطانیہ اور یورپ کے 28 سے زیادہ شہروں کا سفر کر سکیں گے۔

پاکستان سے ترکی، یورپ، برطانیہ اور امریکا جانے والے مسافروں کے لیے اس خوشخبری کا اعلان پاکستان اور ترکی کے مابین سفارتی تعلقات کی 75ویں سالگرہ پر وفاقی وزیر ایوی ایشن خواجہ سعد رفیق نے کیا تھا۔

پی آئی اے منگل 15 نومبر سے پاکستان سے ترکی کے لیے ہفتہ وار 6 پروازیں چلائے گی۔ پاکستان سے یورپ، برطانیہ اور امریکا جانیوالے مسافر استنبول سے پی آئی اے اور ترکش ائیر لائن کے مابین کوڈ شیئرنگ معاہدے کے تحت سفر کر سکیں گے۔

معاہدے کی رو سے مسافر استنبول سے یورپ کے 28 شہروں تک رسائی حاصل کرسکیں گے۔ پہلے مرحلے میں اسلام آباد سے 4 جبکہ لاہور سے 2 پروازیں بوئنگ 777 کے ذریعے چلائی جائیں گی جبکہ دوسرے مرحلے میں کراچی سے استنبول کی پروازیں شروع کردی جائیں گی۔

قومی خبریں سے مزید