• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

توشہ خانہ تحائف کی فروخت پر مقدمہ کرنا اچھی بات ہے، خواجہ آصف

وزیر دفاع خواجہ آصف کا کہنا ہے کہ توشہ خانہ تحائف کی فروخت پر اچھی بات ہے، عمران خان مقدمہ کریں، سارا ریکارڈ سامنے آجائے گا۔

اسلام آباد میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے خواجہ آصف نے کہا کہ عمران خان نے اپنے فائدے کے لیے توشہ خانہ کے قانون میں تبدیلی کی، فرح گوگی کے کیسز ختم کروائے، کہاں سے پیسے آئے، منی لانڈرنگ ہوئی؟ پتا لگنا چاہیے، اب یہ معاملات عدالت میں آئیں گے، گالی گلوچ کرنے سے معاملہ ختم نہیں ہوگا، حکومت اس معاملے کو لے کر چلے گی۔

خواجہ آصف نے کہا کہ عمران خان نے اپنے مخالفین پر الزامات کی بھرمار کی اور کیسز بنائے، ان کی کرپشن، بے ضابطگیوں اور بد دیانتیوں کا سلسلہ نیا نہیں، بیرونی سازش کا الزام لگایا، کہا غلامی قبول نہیں کریں گے، اب یہ کہہ رہا ہے کہ وہ اس سارے موقف سے پیچھے ہٹ گئے ہیں۔

وزیر دفاع نے کہا کہ عمران خان کے دور میں ریکارڈ کرپشن کی گئی، اس شخص نے پوری کوشش کی پاکستان ڈیفالٹ کر جائے، یہ شخص  فوج کے اعلیٰ افسران کے خلاف ہرزہ سرائی کرتا رہا، ساتھ ساتھ فوج کے اعلیٰ افسران کو پیشکش کرتا رہا۔

خواجہ آصف نے کہا کہ الیکشن کمیشن کے فیصلے سےثابت ہوا انہوں نے خردبرد کیا ہے، عمران خان نے ملک کے  وقار کو نقصان پہنچانے کے لیے کوئی کسر نہ چھوڑی، سعودی عرب جیسے دوست کی جانب سے تحفے کی گھڑی دی گئی، یہ ایک فخر کی بات ہوتی ہے، اس کو آخری وقت تک رکھا جاتا ہے۔

انہوں نے کہا کہ عمران خان نے سعودی ولی عہد کی گھڑی دبئی میں بیچی، قوم کا قرض ہے جو عمران خان کو اتارنا پڑے گا، ان کا گوگی نامی خاتون سے کیا تعلق ہے، وہ القادرٹرست کے بھی ممبر ہیں، جو اثاثے انہوں نے ڈیکلیئر کیے ہوئے ہیں وہ بہت کم ہیں، القادر ٹرسٹ والی زمین ان کے پاس کیسے آئی، اس پر ان کا ایک موقف نہیں۔

وزیر دفاع نے کہا کہ وزیراعظم شہباز شریف اور مجھے جو تحفے ملے وہ جمع کروادیے گئے، آج توشہ خانہ میں وصول ہوئے تحفے عوام کے دیکھنے کے لیے کھلے ہیں۔

 خواجہ آصف نے مزید کہا کہ ان کے دور میں دہشتگردی کا ماحول بنا دیا گیا تھا، کس کو کب نیب کے ذریعے اٹھایا جائے گا کچھ نہیں پتا ہوتا تھا، عمران خان نے اپنی تمام اخلاقی اقدار کو پس پشت ڈالا، عمران خان نے تو لاکھوں ملین ڈالرز لیے، فرح گوگی باہر بیٹھ کر بھی پنجاب کی سیاست پر اثر انداز ہو رہی ہیں، فرح گوگی کا بار بار کیوں نام آ رہا ہے؟ سب سوالات کے جوابات دینے پڑیں گے۔

وزیر دفاع نے مزید کہا کہ اگر پنجاب میں ایف آئی آر درج نہیں ہو رہی تو وفاقی حکومت کا کیا قصور ہے، ایف آئی آر درج نہیں ہو رہی تو پرویز الہٰی سے پوچھیں، عمران خان پر حملہ کرنے والا پکڑا گیا ہے، کارروائی کیوں نہیں ہوئی؟

قومی خبریں سے مزید