• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

عمران خان پر حملے کا ملزم 14 روز بعد عدالت میں پیش، جسمانی ریمانڈ منظور

پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے چیئرمین عمران خان پر وزیرآباد میں ہونے والے قاتلانہ حملے کے ملزم نوید کو 14 روز بعد عدالت میں پیش کردیا گیا، جہاں اس کا 12 روزہ جسمانی ریمانڈ منظور کرلیا گیا۔

 واقعے کی ایف آئی آر 7 نومبر کو درج کی گئی تھی، عدالت نے زیرحراست ملزم کو کئی روز تاخیر سے پیش کرنے پر برہمی کا اظہار کیا۔

عدالت نے حکم دیا کہ ملزم کو تاخیر سے عدالت میں پیش کرنے کی تحقیقات کی جائیں، جے آئی ٹی کے سربراہ ملزم کی عدالت میں پیشی میں تاخیر کا تعین کریں۔

عدالت  نے اگلی پیشی پر جے آئی ٹی کے سربراہ سے جواب طلب کرلیا۔

پولیس کا کہنا ہے کہ ملزم نوید کا 12 روزہ جسمانی ریمانڈ منظور کرلیا گیا، ملزم کو گوجرانوالہ کی انسداد دہشت گردی عدالت میں پیش کیا گیا تھا، ملزم نوید کو 3 نومبر کو جائے وقوعہ سےگرفتار کیا گیا تھا۔

پولیس کا کہنا ہے کہ ملزم کو واقعے کے 14 روز بعد عدالت میں پیش کیا گیا، واقعے کی تفتیش کیلئے قائم جےآئی ٹی نے ملزم کو عدالت میں پیش کیا۔

پولیس ذرائع کا کہنا ہے کہ جسمانی ریمانڈ کے دوران ملزم سے مزید تفتیش کی جائے گی۔

واضح رہے کہ 3 نومبر کو لانگ مارچ کے دوران وزیرآباد میں قاتلانہ حملے میں سابق وزیرِ اعظم عمران خان فائرنگ سے زخمی ہوگئے تھے۔

واقعے میں ایک شخص جاں بحق اور پی ٹی آئی چیئرمین عمران خان و دیگر رہنماؤں سمیت 13 افراد زخمی ہوئے تھے۔

فائرنگ کرنے والے شخص نوید کو بعد میں کنٹینر کے قریب سے پکڑ لیا گیا تھا جس نے عمران خان پر فائرنگ کا اعتراف بھی کیا تھا۔

قومی خبریں سے مزید