• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

پاکستان 5دسمبر کو سکوک بانڈ کی 1 ارب ڈالر ادائیگی کرے گا، اسحاق ڈار

وزیر خزانہ اسحاق ڈار کا کہنا ہے کہ ملکی معیشت کے حوالے سے کسی کو کوئی پریشانی نہیں ہونی چاہیے، پاکستان نے ادائیگیوں میں آج تک کبھی نہ ڈیفالٹ کیا اور نہ آئندہ کرے گا، پاکستان  5دسمبر کو سکوک بانڈ کی 1 ارب ڈالر کی ادائیگی کرے گا، ایسی باتیں نہ کی جائیں جس سے پاکستان کو نقصان ہو، افواہیں پھیلا کر ملک کو نقصان نہ پہنچایا جائے۔

اسلام آباد میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے اسحاق ڈار نے کہا کہ ملک میں پیٹرولیم کے ذخائر وافر مقدار میں موجود ہیں، کسی قسم کی پریشانی کی بات نہیں ہے، ضرورت کے مطابق ایندھن کے ریزروز موجود ہیں۔

اسحاق ڈار نے کہا کہ انشاء اللّٰہ پاکستان سکوک بانڈز کی ادائیگی وقت پر کرے گا، پاکستان کے ڈیفالٹ ہونے کی باتوں سے اجتناب کیا جائے، پاکستان کے رسک فیکٹر سے متعلق بے بنیاد باتیں نہ پھیلائی جائیں، آنے والی ادائیگیوں کیلئے بھی انتظام ہو رہا ہے، پاکستان دسمبر کے پہلے ہفتے میں یورو بانڈ کی وقت پر ادائیگی کرے گا، پاکستان اپنی تمام بیرونی ادائیگیاں وقت پر کرے گا۔

وزیر خزانہ نے کہا کہ  کرنٹ اکاؤنٹ خسارے کے بارے میں افواہیں پھیلائی جارہی ہیں، کرنٹ اکاؤنٹ خسارے کو اچھے طریقے سے مینیج کیا جا رہا ہے، معیشت سے متعلق غیر ذمہ دارانہ بیانات نہ دیے جائیں، اللّٰہ کے فضل سے ہر چیز ٹھیک چل رہی ہے۔

اسحاق ڈار نے کہا کہ بین الاقوامی ادارے بھی پوچھتے ہیں کیا یہ افواہیں درست ہیں کہ نہیں؟

انہوں نے کہا کہ ڈیفالٹ سے متعلق افواہیں سیاسی بنیاد پر پھیلائی گئیں، اعداد و شمار میں دعویٰ کیا گیا کہ قرضہ واپس نہ کرنے کے خطرات 75 فیصد تک ہوگئے ہیں۔

وزیر خزانہ نے کہا کہ پاکستان کا کرنٹ اکاؤنٹ خسارہ مینیج ایبل ہے، اس پر نظر رکھی ہوئی ہے، ستمبر میں کرنٹ اکاؤنٹ خسارہ 31 کروڑ 60 لاکھ ڈالر تھا، اکتوبر میں کرنٹ اکاؤنٹ خسارہ تقریبا 40 کروڑ ڈالر ہوگا، سال کے آخر تک کرنٹ اکاؤنٹ خسارہ تقریبا 7 ارب ڈالر ہوگا، خدشہ تھا سال کے آخر تک کرنٹ اکاؤنٹ خسارہ 12 ارب ڈالر ہوگا۔

قومی خبریں سے مزید