• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

عمران خان نواز شریف اور شہباز شریف سے ملنا چاہیں تو وہ انکار نہیں کریں گے، رانا ثناء اللّٰہ

وفاقی وزیر داخلہ رانا ثناء اللّٰہ کا کہنا ہے کہ عمران خان الیکشن کی تاریخ کے حوالے سے نواز شریف اور شہباز شریف سے ملنا چاہیں تو وہ انکار نہیں کریں گے۔

اسلام آباد میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے رانا ثناء اللّٰہ نے کہا کہ عمران خان آپ سیاسی مخالف ضرور ہیں مگر دشمن نہیں، قبل از وقت انتخابات چاہتے ہیں تو سیاستدانوں سے ڈائیلاگ کریں، ڈیڈ لاک بات چیت سے ہی ختم ہوتے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ عمران خان کو پنڈی سے الیکشن کی تاریخ نہیں ملے گی، اسٹیبلشمنٹ آپ کو الیکشن کی تاریخ نہیں لے کر دے گی۔

ان کا کہنا تھا کہ عمران خان آپ سیاستدان بنیں اس قوم نے آپ کو سیاستدان بنایا ہے، پارلیمنٹ میں واپس آئیں، پنڈی جانے کے بجائے حکومت، اتحادیوں اور سیاستدانوں سے ملیں۔

وفاقی وزیر نے کہا کہ عمران خان کہتے ہیں سیاسی مخالفین کے ساتھ بیٹھنے کے بجائے مرنے کو ترجیح دوں گا، یہ رویہ درست نہیں، انہوں نے اپوزیشن کو جیلوں میں ڈالا، ان کا خاتمہ کرنے کی کوشش کی۔

ان کا کہنا تھا کہ سیاستدان جب گفتگو کرتے ہیں تو ڈیڈلاک ٹوٹتے ہیں، ہم نے آپ کے سیاسی نظریات میں خامیوں کی نشاندہی کی ہے، آپ ناکام ہوچکے، اپنی ضد چھوڑ دیں۔

رانا ثناء اللّٰہ نے کہا کہ آپ نے پچھلے چند ماہ جو کچھ کہا کوئی آپ کی بلیک میلنگ میں نہیں آیا، اسٹیبلشمنٹ کسی قیمت پر اپنے آئینی کردار سے پیچھے نہیں ہٹے گی۔

ان کا کہنا تھا کہ جو بھی پاکستان کو عدم استحکام کا شکار کرنا چاہتا ہے وہ پی ٹی آئی اجتماع پر حملہ کرسکتا ہے، القاعدہ نے خود نہیں آنا انہوں نے تو مقامی ایجنٹ ہی استعمال کرنا ہے۔

انہوں نے کہا کہ حزب اختلاف اور حزب اقتدار دو پہیے ہیں، ان کے بغیر گاڑی نہیں چل سکتی، سیاسی قیادت مل کر نہیں بیٹھے گی تو کسی اور طرف کی کوشش کامیاب نہیں ہوگی۔

وفاقی وزیر کا کہنا تھا کہ ڈی جی آئی ایس آئی اور ڈی جی آئی ایس پی آر نے پریس کانفرنس میں کہا ہے کہ وہ غیر سیاسی ہیں، امید ہے جنہوں نے اعلان کیا ہے وہ قومی سطح پر یقینی بنائیں۔

انہوں نے مزید کہا کہ جنہوں نے سیاست سے الگ رہنے کا فیصلہ کیا ہے ان کا کام ہے، نواز شریف کی واپسی کا آرمی چیف کی تقرری سے کوئی تعلق نہیں۔

قومی خبریں سے مزید