سکھر حیدرآباد ایم سکس موٹروے منصوبے میں کرپشن کی تحقیقات کا دائرہ مٹیاری، نوشہرو فیروز سے نوابشاہ، سکھر اور خیرپور تک بڑھا دیا گیا۔
اینٹی کرپشن، ایف آئی اے اور اب نیب کی تفتیشی ٹیم نے بھی کرپشن کی تحقیقات کا آغاز کردیا۔
نیب سکھر کی ٹیم نے سندھ بینک نوشہرو فیروز برانچ میں چھاپا مارکر ریکارڈ تحویل میں لے لیا۔ نیب نے سابق ڈپٹی کمشنر نوشہرو فیروز، ریونیو افسران اور نوابشاہ کے افسران سے ریکارڈ طلب کر لیا۔
نیب نے کمشنر سکھر کو لکھے خط میں سوال کیا کہ بتایا جائے کہ این ایچ اے سے کتنی رقم وصول ہوئی۔ نیب نے سندھ حکومت سے جوائنٹ سروے رپورٹ کی کاپی بھی مانگ لی ہے۔
تحریری سوال نامے میں پوچھا گیا کہ بتایا جائے کتنے ایوارڈ پاس کیے گئے۔ لینڈ ایکوزیشن کی مد میں کتنی رقم استعمال کی گئی؟ یہ بھی بتایا جائے کہ ڈپٹی کمشنر سکھر اور خیرپور نے این ایچ اے سے کتنی رقم وصول کی۔
ادھر ڈائریکٹر ایف آئی اے ساؤتھ زون نے ایڈیشنل ڈائریکٹر ایف آئی اے حیدرآباد کو خط میں ہدایت کی ہے کہ ایم 6 موٹر وے کے منصوبے میں مٹیاری سیکشن میں زمینوں کی خریداری میں مشتبہ ٹرانزیکشن کی تحقیقات کی جائیں۔
مٹیاری میں زمین کی خریداری کے لیے این ایچ اے کی جانب سے 4 ارب 9 کروڑ سے زائد کے فنڈز جاری ہوئے تھے۔