کراچی (جنگ نیوز)فٹ بال ورلڈکپ میں گروپ میچز کا پہلا راؤنڈختم ہوگیا ۔فیفا ورلڈکپ میں تمام ٹیمیں اپنا ایک ایک میچ مکمل کرچکی ہیں جس کے بعد گروپ اے ا ور گروپ بی کی ٹیموں کے درمیان آج میچز کھیلیں جائیں گی۔فیفا ورلڈکپ میں پہلا میچ گروپ بی کی ٹیموں ایران اور ویلز کے درمیان کھیلا جائےگا۔فٹبال ورلڈکپ کا دوسرا مقابلہ گروپ اے کی ٹیموں قطر اور سینیگال، تیسرا نیدرلینڈز اور ایکواڈور جب کہ آخری میچ گروپ بی کی ٹیموں انگلینڈامریکا کے درمیان کھیلا جائے گا۔میگا ایونٹ کا کامیابی کے ساتھ پہلا ہفتے مکمل ہونے پر قطری اور عرب عوام پر بہت خوش ہیں، وہ ٹورنامنٹ کی میزبانی کو بڑی کامیابی کے طور پر منارہے ہیں اور اس پر بجا طور پر فخر محسوس کرتے ہیں۔ مقامی افراد قطر سے متلعق منفی پراپیگنڈا پر مغربی میڈیا سے نالاں ہیں۔ میزبان ملک قطر اور اکثریتی طور پر مسلمان عرب دنیا کے لیے یہ مذہب، ثقافت اور خطے کی روایات کا معاملہ ہے، اور عزت و احترام کا بھی جو ان کے نزدیک اُنھیں دی جا رہی ہے۔ بدھ کو جرمنی کے کھلاڑیوں نے ورلڈ کپ میں جاپان کے خلاف میچ سے قبل اپنے منھ پر ہاتھ رکھ لیے۔ ٹیم مینیجر ہانسی فلِک نے کہا کہ اس کا مقصد ’یہ پیغام دینا تھا کہ فیفا ٹیموں کو خاموش کروا رہا ہے۔ مگر جرمنی کے اس مؤقف پر عرب دنیا میں سخت اور متفقہ طور پر منفی ردِعمل سامنے آیا ہے۔ قطر میں کئی لوگوں کا سوال ہے کہ جب روس نے سنہ 2018 میں فٹ بال ورلڈ کپ یا پھر چین نے سنہ 2008 میں اولمپکس کی میزبانی کی تھی تو تب ان ملکوں کے انسانی حقوق کے ریکارڈ پر اعتراضات کیوں نہیں اٹھائے گئے۔ورلڈکپ کے دوران فٹ بال کے عرب شائقین کی ایسی ویڈیوز سوشل میڈیا پر وائرل ہوئی ہیں جن میں وہ فلسطینیوں سے اظہار یکجہتی کرتے ہوئے اسرائیلی صحافیوں کو نظرانداز کر رہے ہیں۔قطری شہریوں اور دیگر شائقین کو یہ معلوم ہوا کہ جو صحافی ان سے بات کرنا چاہتے ہیں وہ اسرائیل سے ہیں تو انہوں نے فوراً انکار کر دیا۔لندن کی ایک آن لائن نیوزویب سائٹ مڈل ایسٹ آئی کے مطابق آن لائن گردش کرنے والی ویڈیو میں دو سعودی شائقین، ایک قطری خریدار اور تین لبنانی فٹ بال فینز کو اسرائیلی صحافیوں سے دور جاتے ہوئے دیکھا جا سکتا ہے۔ جبکہ دیگر نے بائیکاٹ کرتے ہوئے اسرائیلی صحافیوں کے پیچھے فلسطینی پرچم لہرایا۔ لبنانی ٹی وی المنار کے مطابق قطر میں ’اسرائیلی چینل کے نامہ نگار نے اتوار کی شب بتایا کہ جب لبنانی نوجوانوں کو یہ علم ہوا کہ وہ اسرائیلی میڈیا سے ہیں، تو وہ غصے میں آگئے۔