• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

گوگل سروسز سے متعلق امین الحق نے وزیر خزانہ کو خط لکھ دیا

فائل فوٹو
فائل فوٹو

وفاقی وزیر آئی ٹی امین الحق نے وزیر خزانہ اسحاق ڈار کو خط لکھ کر اسٹیٹ بینک کی جانب سے گوگل کو ادائیگی روکنے کے خدشات کا اظہار کردیا۔

امین الحق کا کہنا ہے کہ کچھ روز قبل تمام ٹیلی کام آپریٹرزکی جانب سے وزارت آئی ٹی کوخط لکھا گیا۔

وفاقی وزیر نے کہا کہ ٹیلی کام انڈسٹری پہلے ہی مشکلات کا شکار ہے، اس طرح کے فیصلے معاملات مزید خراب کرسکتے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ  اسٹیٹ بینک کے ادائیگی روکنے سے پاکستان میں پیڈ گوگل ایپلی کیشن سروسز معطل ہوجائیں گی جبکہ فری گوگل ایپلی کیشنز کی سروسز برقرار رہیں گی۔

امین الحق کے مطابق پیڈ ایپلی کیشنز استعمال کرنے والے افراد کو شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑسکتا ہے۔

امین الحق کا کہنا ہے کہ بین الاقوامی اداروں کو ادائیگی روکنے کا عمل پاکستان کی ساکھ متاثر کرسکتا ہے، وزیر خزانہ معاملے کا فوری نوٹس لیتے ہوئے اسٹیٹ بینک کو ادائیگی جاری رکھنے کی ہدایت کریں۔

انہوں نے مزید کہا کہ مستقبل میں آئی ٹی و ٹیلی کام کے بارے میں فیصلوں میں وزارت کی مشاورت لازمی شامل کی جائے۔

وفاقی وزیر نے کہا کہ تمام اسٹیک ہولڈرز سے مشاورت کے بعد وزارت خزانہ کو خط لکھنے کا فیصلہ کیاگیا۔

واضح رہے کہ اسٹیٹ بینک آف پاکستان کی جانب سے بین الاقوامی سروس فراہم کرنے والوں کو 34 ملین ڈالر کی ادائیگی منسوخ کرنے کے بعد موبائل صارفین یکم دسمبر 2022 سے پاکستان میں گوگل پلے اسٹور کی سروسز ڈاؤن لوڈ نہیں کر سکیں گے۔

قومی خبریں سے مزید