پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے چیئرمین عمران خان کی زیر صدارت مشاورتی اجلاس میں اسمبلیوں سے مستعفی ہونے کیلئے آئینی مرحلے پر بریفنگ دی گئی۔
پی ٹی آئی کے مشاورتی اجلاس میں پنجاب اسمبلی تحلیل کرنے سے متعلق آئینی آپشنز کا جائزہ لینے کیلیے کمیٹی تشکیل دے دی گئی، کمیٹی کی سربراہی پارٹی کے وائس چیئرمین شاہ محمود قریشی کریں گے۔
پی ٹی آئی اعلامیے کے مطابق کمیٹی میں اسپیکر پنجاب اسمبلی سبطین خان، میاں اسلم اقبال، میاں محمود الرشید شامل ہیں۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ دو سے تین روز میں اسمبلیاں تحلیل کرنے سے متعلق حتمی تاریخ دی جائے گی، جبکہ اجلاس میں پارلیمانی پارٹیوں کے اجلاس بھی بلانے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔
ذرائع کے مطابق عمران خان پنجاب اور کےپی کے کی پارلیمانی پارٹیز کو اعتماد میں لیں گے، جبکہ پنجاب اسمبلی سے متعلق عمران خان اور پرویز الہٰی کی منگل کو ملاقات کا امکان ہے۔
مشاورتی اجلاس میں پنجاب، کے پی اور سندھ کے رہنماؤں سمیت اسد عمر، شاہ محمود قریشی، فواد چوہدری اور وزیر اعلیٰ کے پی محمود خان شریک ہوئے۔
پی ٹی آئی رہنما فردوس شمیم نقوی، عثمان بزدار، سبطین خان، ڈاکٹر یاسمین راشد، عاطف خان، عمر ایوب بھی اجلاس میں موجود تھے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ بابر اعوان اور علی ظفر نے اجلاس کے شرکا کو آئینی اور قانونی معاملات پر بریفنگ دی اور اسمبلیوں سے مستعفی ہونے کیلئے آئینی مرحلہ سے آگاہ کیا۔
ذرائع کے مطابق اجلاس میں حکومت مخالف تحریک کے مزید آپشنز کا بھی جائزہ لیا گیا۔