• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

ورلڈکپ فٹ بال، نیدرلینڈ نے امریکی خواب چکنا چور کردیا، کوارٹر فائنل میں رسائی

کراچی(اسٹاف رپورٹر/شکیل یامین کانگا) ورلڈ کپ فٹبال ٹور نامنٹ میں نیدر لینڈ نے امریکا کے خواب کو چکنا چور کردیا، پری کوارٹر فائنل میں فاتح ٹیم نےامریکا کو ایک کے مقابلے میں تین گول سے شکست دے کر کوارٹر فائنل میں رسائی حاصل کرلی، نیدر لینڈ کی ٹیم نے پچھلے2018کے ورلڈ کپ کے لئے کوالیفائی نہیں کیا تھا،یہ ٹیم ورلڈ کپ میں تین مرتبہ 1974,1978,2010 میں رنر اپ رہ چکی ہے، ہفتے کو دوہا میں کھیلے گئے پری کوارٹر فائنل میں نید ر لینڈ کے کھلاڑیوں نے غیر معمولی کار کردگی کا مظاہرہ کیا، انہوں نے بہترین باڈی ڈاج اور گیند پر کنٹرول سے شائقین کو حیرت زدہ کردیا، دسویں منٹ میںڈچ ٹیم کیلئے پہلاگول میمفس ڈیپے نے کیا، ٹیم نے پہلے ہاف میں 2گول اسکور کئے،نیدرلینڈز نے دوسرے ہاف میں بھی ایک گول کیا، 45+1 ویں منٹ میں ڈالے بلائنڈ نے اپنی ٹیم کی برتری کو دگنا کردیا۔کھیل کے 76 ویں منٹ میں امریکا کی جانب سے حاجی رائٹ نے گول کرکے اسکور 1-2 کیا تاہم 81 ویں منٹ میں ڈینزل ڈمفرائز نے فیصلہ کن گول کرکے برتری 1-3 کردی جو کھیل کے اختتام تک برقرار رہی۔ نیدر لینڈ کے کھلاڑیوں نے کھیل کے آخری لمحات تک اپنی فٹنس اور مہارت کا بھر پور انداز میں مظاہرہ کیا اور حریف کھلاڑیوں کو بے بس رکھا، امریکی کھلاڑی سر توڑ کوشش کے باوجود نیدر لینڈ کی برتری کو ختم کرنے میں کام یاب نہیں ہوسکے۔ ٹیم کی جیت کے ساتھ کھلاڑیوں نے میدان میں جشن منایا، گرائونڈ کے چکر لگائے، ہالینڈ میں بھی نوجوانوں نے سڑکوں پر رقص کیا، گاڑیوں کے ہارن بجاکر خوشی کا اظہار کیا، جبکہ امریکا میں اس ناکامی پر شائقین فٹبال افسردہ دکھائی دئیے۔

اسپورٹس سے مزید