• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

ٹیپو سلطان پولیس کی کارروائی، منشیات فروشی میں مطلوب ملزم گرفتار

منشیات فروشی میں انتہائی مطلوب ملزم کو تھانہ ٹیپو سلطان کی پولیس نے کارروائی کر کے گرفتار کرلیا۔

کراچی شرقی کے ٹیپو سلطان تھانے کی پولیس نے ایک کارروائی کے دوران منشیات فروشی میں انتہائی مطلوب ملزم کو گرفتار کرکے اس کے قبضے سے ایک کلو گرام سے زائد چرس برآمد کرلی۔

ایس ایچ او ٹیپو سلطان انسپکٹر عظمیٰ خان کے مطابق پولیس پارٹی نے پی ای سی ایچ سوسائٹی بلاک 6 میں ابن سینا روڈ پر گشت کے دوران ملزم زبیر کو گرفتار کیا۔

ملزم ریلوے پٹری کے قریب گندے نالے کی منڈیر پر بیٹھا تھا جسے مشکوک دیکھ کر پولیس نے تلاشی لی تو ملزم کے ہاتھ میں موجود شاپنگ بیگ سے 1100 گرام چرس برآمد ہوئی۔

ایس ایچ او انسپکٹر عظمیٰ خان کے مطابق گرفتار ملزم زبیر کا سابقہ کرمنل ریکارڈ بھی حاصل کرلیا گیا ہے۔

ان کا مزید کہنا تھا کہ گرفتار ملزم عادی منشیات فروش ہے جو اس سے قبل بھی منشیات ایکٹ کے تحت متعدد درج مقدمات میں گرفتار ہو کر جیل جاچکا ہے۔

پولیس کے مطابق ملزم کے خلاف مقدمہ درج کرکے مزید تفتیش کیلئے متعلقہ  ٹیم کے حوالے کر دیا گیا ہے۔

قومی خبریں سے مزید