• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

عمران خان آج اسمبلیاں توڑنے سے متعلق فیصلہ کریں گے، اسد عمر

فائل فوٹو
فائل فوٹو

پاکستان تحریک انصاف کے سیکریٹری جنرل اسد عمر کا کہنا ہے کہ اسمبلیاں توڑنے سے متعلق آج زمان پارک میں اجلاس ہے، جس میں عمران خان فیصلہ کریں گے۔

راولپنڈی میں سماعت کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے اسد عمر نے کہا کہ اسمبلیاں توڑ کر ہم کوئی سیاسی غلطی نہیں کر رہے، پی ٹی آئی عوامی جماعت ہے اور انہی میں جا رہی ہے۔

انہوں نے کہا کہ ہم اسمبلیاں توڑ کر میدان خالی نہیں بلکہ خود اتر رہے ہیں، اسمبلیاں توڑنے کے اعلان پر حکومت ڈگمگا گئی ہے، رانا ثناء اللّٰہ کہتے ہیں ہر صورت اسمبلیاں بچانے کی کوشش کریں گے۔

اسد عمر کا کہنا ہے کہ موجودہ حکومت بوکھلاہٹ کا شکار ہے، روس سے تیل درآمد کرنے میں انہوں نے دیر کر دی ہے، نالائق حکومت نے 8 ماہ ضائع کیے ہیں۔

ان کا یہ بھی کہنا ہے کہ میں نے عدلیہ کے بارے میں ایسی بات نہیں کی اور نہ کسی کو تنقید کا نشانہ بنایا۔

واضح رہے کہ سیکریٹری جنرل پاکستان تحریک انصاف اسد عمر نے توہین عدالت کے معاملے پر عدالت سے غیر مشروط معافی مانگ لی ہے۔

لاہور ہائی کورٹ راولپنڈی بینچ میں توہین عدالت سے متعلق جاری نوٹس پر اسد عمر کے خلاف سماعت ہوئی۔

اسد عمر نے عدالت کے روسٹرم پر آکر اپنی تقریر پر غیرمشروط معافی مانگی اور کہاکہ ہم عدلیہ کا احترام کرتے ہیں اور کرتے رہیں گے۔

اسد عمر نے کہا کہ میرے کسی بیان سے اگر کوئی لائن کراس ہوئی تو معافی مانگتا ہوں۔

عدالت نے اسد عمر کو جاری توہین عدالت نوٹس کیس نمٹا دیا۔

قومی خبریں سے مزید