ملتان (عبدالماجدبھٹی/ نمائندہ خصوصی) ملتان کا معرکہ پاکستان کیلئے چیلنج بن گیا۔ بابر اعظم کی قیادت میں پاکستانی کرکٹ ٹیم کو مسلسل دوسری ٹیسٹ سیریز میں شکست سے بچنے کیلئے ملتان ٹیسٹ میں غیر معمولی کارکردگی کا مظاہرہ کرنا ہوگا ۔ ٹیم کو ٹیسٹ سے قبل بڑا دھچکا اس وقت لگا جب فاسٹ بولر نسیم شاہ کندھے کی تکلیف میں مبتلا ہوگئے۔ انہوں نے جمعرات کو پریکٹس سیشن میں بھی حصہ نہیں لیا۔ میچ میں ان کی شرکت مشکل دکھائی دے رہی ہے۔ شاہین آفریدی اور حارث رؤف کے بعد تیسرے فاسٹ بولر ان فٹ ہوگئے ہیں ۔ ملتان میں16سال بعد ٹیسٹ میچ ہورہا ہے لیکن پچ اصل موضوع بحث ہے۔ جمعرات کو اچانک گرم موسم کی وجہ سے پچ مزید ڈرائی ہوگئی ۔ لگ رہا ہے پاکستان اسپنرز کے ساتھ انگلش بیٹنگ پر حملہ آور ہونے کی کوشش کرے گا۔ بین اسٹوکس اپنی جارحانہ حکمت عملی سے پاکستان کو حیران کرنا چاہتے ہیں کہتے ہیں کہ اگر ہمارے پاس ڈھائی سو رنز کی لیڈ ہوئی تو دوسری اننگز بغیر کھیلے ڈیکلیر کردیں گے، اپنا انداز تبدیل نہیں کریں گے اور نہ ہار سے خوف زدہ ہیں۔ پچ ڈرائی ہے جس پر ریورس سوئنگ ہوگی ۔ بابر اعظم کا کہنا ہے کہ پچ اسپنرز کیلئے سازگار ہے ، پچ ہمارے پلان کے مطابق بنی ہے تو اسپن لے گی۔ ہوم گراؤنڈ پر آسٹریلیا سے ٹیسٹ سیریز ہارنے اور مسلسل چار ٹیسٹ میچوں میں فتح سے محروم رہنے والی پاکستانی ٹیم کو جارح مزاج انگلش ٹیم کو ایک اور کامیابی سے روکنا ہوگا۔ پاکستان اور انگلینڈ کا دوسرا ٹیسٹ ملتان اسٹیڈیم میں جمعے سے شروع ہورہا ہے۔ پہلا ٹیسٹ انگلینڈ نے74رنز سے جیتا تھا۔ بظاہر ملتان کی پچ اسپنرز اور ریورس سوئنگ کیلئے سازگار دکھائی دیتی ہے۔ توقع ہے کہ پاکستانی ٹیم میں مزید اسپنرز کو کھلایا جائے گا ۔ زخمی حارث رؤف کی جگہ فہیم اشرف جبکہ نسیم کی جگہ محمد وسیم جونیئرکی شمولیت کے امکان ہیں۔ پہلے ٹیسٹ میں انگلش کپتان بین اسٹوکس کی جارحانہ حکمت عملی نے پاکستانی ٹیم کو مشکل میں ڈالا تھا۔ بیٹنگ کرتے ہوئے پاکستان کا کوئی واضح منصوبہ بھی نظر نہیں آیا۔ انگلش فاسٹ بولروں نے دوسری اننگز میں نو وکٹ حاصل کئے۔ انگلش کرکٹ ٹیم دوسرے ٹیسٹ میں ایک تبدیلی کرے گی۔ فاسٹ بولر مارک ووڈ فٹ ہوگئے ہیں۔ وہ لیام لیونگ اسٹون کی جگہ لیں گے۔ اولی پوپ وکٹ کیپنگ کریں گے۔پنڈی میں انگلش ٹیم نے پہلے ہی دن پانچ سو رنز بنانے کے بعد پاکستانی ٹیم کو بیک فٹ پر کردیا تھا لیکن بابر اعظم چاہتے ہیں کہ اس بار اسپن پچ پر انگلش کی جارحانہ حکمت عملی کو روکا جائے۔ بین اسٹوکس کہتے ہیں کہ جیت پر تمام فوکس ہے۔ ملتان میں میچ تاخیر سے شروع اور جلد ختم ہونے کا امکان ہے ایسی صورتحال میں ممکن ہے کہ ٹیسٹ میں تین سو سے 350 اوورز کا کھیل ہو سکیں۔ اگر ایسا ہوتا ہے تو ہمیں مزید خطرے مول لینے والا بننا پڑے گا ۔