• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

ملتان ٹیسٹ، ’’پراسرار‘‘ ابرار انگلش بیٹرز کی سمجھ سے باہر، ڈیبیو پر 7 وکٹ لے اڑے

ملتان (عبدالماجد بھٹی/ نمائندہ خصوصی) مسٹری اسپنر ابرار احمد نے ٹیسٹ ڈیبیو پر ریکارڈ ساز بولنگ کرتے ہوئے انگلش ٹیم کو بڑا اسکور کرنے کا موقع نہیں دیا ۔’’اسرار‘‘ ابرار انگلش بیٹرز کو سمجھ ہی نہیں آئے پنڈی ٹیسٹ میں رنز کے انبار لگانے والی انگلش بیٹنگ کو تگنی کا ناچ نچادیا۔ 24سالہ ابرار احمد نے22اوورز میں117 رنز دے کر سات کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا تاہم وہ باب میسی اور نریندر ہروانی کے ڈیبیو پر آٹھ وکٹیں لینے کا ریکارڈ توڑ نہ سکے۔ پہلی اننگز میں انگلش ٹیم چائے کے وقفے پر281رنز بناکر آؤٹ ہوگئی۔زاہد محمود نے آخری تین وکٹ لے کر ان سے اننگز سمیٹتے ہوئے تمام 10وکٹ لینے کا موقع چھین لیا۔ پاکستانی فاسٹ بولروں نے دس اوور کرائے ۔ تمام دس وکٹ ابرار احمد اور زاہد محمود نے حاصل کئے۔ ملتان اسٹیڈیم میں جمعے کو دوسرے ٹیسٹ کے پہلے دن پاکستان نے کھیل ختم ہونے پردو وکٹ کے نقصان پر107رنز بنائے تھے۔ اسے انگلینڈ کا اسکور برابر کرنے کیلئے مزید174رنزدرکار ہیں۔ کپتان بابر اعظم61اور سعود شکیل32رنز پر کھیل رہے تھے دونوں نے تیسرے وکٹ کی ناقابل شکست شراکت میں56رنز بنالئے ہیں۔ پہلے دن گرنے والی بارہ میں سے گیارہ وکٹیں اسپنرز نے حاصل کیں۔ پاکستانی اوپنر زیادہ دیر مزاحمت نہ کرسکے۔ امام الحق صفر اور عبداللہ شفیق44 گیندوں پر14رنز بناکر آؤٹ ہوئے۔ پنڈی ٹیسٹ کے سنچری میکر بابر اعظم نے ملتان میں نصف سنچری57گیندوں پر8وکوں اور ایک چھکے کی مدد سے بنائی۔ انگلینڈ کے لنچ پر پانچ وکٹ گر چکے تھے جبکہ پنڈی ٹیسٹ کے پہلے سیشن میں انگلینڈ نے بغیر کسی نقصان کے 174رنز بنائے تھے۔ دوسرے ٹیسٹ میچ میں انگلینڈ نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹسمینوں کو آزمانے کا فیصلہ کیا۔ انگلش اوپنرز کو ایک مرتبہ پھر پاکستانی فاسٹ بولروں کو کھیلنے میں کوئی مشکل پیش نہ آئی اور انہوں نے پہلی وکٹ کے لیے 38 رنز کی شراکت قائم کی۔ نسیم شاہ اور حارث رؤف کی عدم موجودگی میں فہیم اشرف اور محمد علی کو پچ سے زیادہ مدد نہیں مل رہی تھی۔ نویں اوور میں کپتان بابر اعظم پہلا میچ کھیلنے والے اسپنر ابرار احمد کو بولنگ جنہوں نے کپتان کے اعتماد پر پورا اترتے ہوئے اپنی پانچویں گیند پر زیک کرالی کو آؤٹ کردیا۔ بین ڈکٹ کا ساتھ دینے اولی پوپ آئے اور دونوں نے جارحانہ انداز میں بیٹنگ کرتے ہوئے61گیندوں پر 79 رنز کی شراکت قائم کی۔ بین ڈکٹ اسپنر ابرار کے اوور میں آؤٹ ہونے سے بال بال بچے لیکن اسی اوور میں دوبارہ ان کے خلاف ایل بی ڈبلیو کی اپیل ہوئی اور اس مرتبہ وہ ریویو پر آؤٹ قرار دیے گئے، انہوں نے 63رنز بنائے۔ جو روٹ کا وکٹ پر قیام مختصر رہا اور نوجوان اسپنر کی گیند پر وہ 8رنز بناکر آؤٹ ہوئے۔ اولی پوپ نے بھی ففٹی مکمل کی لیکن ابرار کی گھومتی ہوئی گیندوں کا ان کے پاس بھی کوئی جواب نہ تھا اور وہ ریورس سوئپ کھیلنے کی کوشش میں انہیں کیچ دے بیٹھے۔ اولی پوپ نے61گیندوں پر60رنز پانچ چوکوں کی مدد سے بنائے۔ کھانے کے وقفے سے قبل انگلینڈ کو اس وقت پانچواں نقصان اٹھانا پڑا جب ہیری بروک اونچا شاٹ کھیل بیٹھے اور محمد نواز نے ان کا کیچ لینے میں کوئی غلطی نہ کی۔ ابرار نے لنچ کے بعد 228ے مجموعے پر 30رنز بنانے والے کپتان بین اسٹوکس اور پھر اگلے ہی اوور میں 31 رنز بنانے والے وِل جیکس کو بھی چلتا کردیا۔ ٹیل اینڈرز اولی رابنسن ، جیک لیچ اورجیمز اینڈرسن کی وکٹیں لیگ اسپنر زاہد محمود کو ملیں۔

اسپورٹس سے مزید