• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

ورلڈکپ فٹ بال، مراکش نے تاریخ بدل دی، سیمی فائنل میں رسائی، رونالڈو کی ٹیم ایونٹ سے باہر

قطر، دوحا( شکیل یامین کانگا/نمائندہ خصوصی)پرتگالی ٹیم کےدفاع کو توڑتے ہوئےخوبصورت ہیڈر کی مدد سےیوسف النصیری نے گول کرکے اپنی ٹیم کو فیفا ورلڈ کپ فٹ بال کی تاریخ بدل کر اپنی ٹیم کو سیمی فائنل میں پہنچا دیا۔ یہ پہلا موقع ہے جب افریقی ٹیم مراکش نے بڑے ایونٹ کے ٹاپ فور میں کھیلنے کا اعزازحاصل کیا۔ برازیلین نیمار کے بعد پرتگال کے رونالڈو کی ٹیم بھی ایونٹ سے باہر ہوگئی ، مراکش کے خلاف گول برابر کرنےکیلئے پرتگالی ٹیم نے بھرپور اورجان توڑ کوشش کی لیکن مراکشی گول کیپر یاسین بونو کاکردارٹیم کی کامیابی میں نمایاں رہا انہوں نے میچ میں شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کیا اور کئی یقینی گول بچائے۔گول کے بعد پرتگالی ٹیم نے مراکش پردبائو رکھا اورگول برابر کرنے کی بھرپور کوشش کی لیکن قسمت نے بھی ان کے کھلاڑیوں کا ساتھ نہیں دیا۔ مراکشی کھلاڑی ولید کومخالف کھلاڑی کو گرانے پر ریڈ کارڈکا سامنا کرنا پڑا۔ التھومامااسٹیڈیم میں کھیلا جانےوالے میچ انتہائی سنسنی خیز رہا ۔ میچ کا آغاز تیز رفتاری سے ہوا اور پانچویں منٹ میں پرتگال مراکشی گول پر حملہ کیا ساتھی کھلاڑی کی ہٹ پرفلیکس نےہیڈرکےذریعے گول کرنے کی کوشش کی ناکام رہے،اگلےہی منٹ میں مراکشی ٹیم نے بھی پرتگال کے گول پرجوابی حملہ کیا جس کے نتیجےمیں کارنر کی ہٹ پر نصیری نے ہیڈر کےذریعے گول کرنےکی کوشش کی لیکن گیند گول پوسٹ کے اوپر سے ہوتی ہوئی چلی گئی۔ مراکشی کھلاڑی الیاس کی بھی شاندار ہٹ کو پرتگالی گول کیپر نےروک لیا۔ 42ویں منٹ میں مراکشی کھلاڑیوں نے پرتگال کے گول پر ایک بھرپورحملہ اورساتھی کھلاڑی کی ہٹ پر یوسف النصیری نے خوبصورت ہیڈر کے ذریعے گیند کو جال میں ڈال کر اپنی ٹیم کو ایک صفر کی برتری دلوادی۔ پہلےہاف کےاختتام پر مراکش کو ایک صفر کی برتری حاصل رہی۔ 48ویں منٹ میں پرتگالی کھلاڑی نے مراکشی کھلاڑی کو روکاجس پرڈی سے باہرفری ہٹ ملی اورپرتگالی کیپر نے یقینی گول بچایا۔ 51ویں منٹ میںرونالڈوکے حملے کو مراکشی دفاع نے ناکام بنایا۔ 55ویں منٹ میں پرتگال کا اک اور حملہ ناکام بنایا۔ 75ویں منٹ میں مراکش کا ایک خوبصورت حملہ کیاجسے دفاعی کھلاڑی نے ناکام بنایا۔ کھیل کے آخری لمحات میں رونالڈو کی ایک گول کرنےکی شاندار کوشش کو ناکام بنایا۔ جیت کے بعد مراکشی کھلاڑیوں کا میدان میں بھر پور جشن، پرتگالی کھلاڑی رو پڑے۔

اسپورٹس سے مزید