• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

ملتان ٹیسٹ، مہمان ٹیم کی گرفت مضبوط، میزبان کھلاڑیوں پر شکست کا دباؤ

ملتان(عبدالماجدبھٹی،نمائندہ خصوصی) ملتان ٹیسٹ میں انگلینڈ ٹیم کی گرفت مضبوط ہوتی جارہی ہے ،میچ کی چوتھی اننگز میں اسپنرز کے سامنے پاکستان کو میچ اور سیریز میں شکست دے بچناہمالیہ سر کرنے کے مترادف ہوگا۔دوسرے ٹیسٹ کے دوسرے دن بھی13وکٹ گرے۔ہفتے کو کھیل ختم ہونے پر انگلینڈ نے دوسری اننگز میں پانچ وکٹ پر202رنز بنائے تھے اس کی برتری281رنز کی ہوگئی ہے۔ہیری بروک 74اور کپتان بین اسٹوکس 16رنز پر کھیل رہے تھے۔ پاکستان کی جانب سے ابرار احمد نےتین وکٹ حاصل کئے۔قبل ازیں انگلینڈنے دوسری اننگز شروع کی تو زیک کرالی تین رنز بناکر ابرار کی تھرو پر رن آوٹ ہوگئے۔ول جیکس کوچار رنز پر ابرار احمد نے بولڈ کردیا ۔ جوروٹ21رنز بناکرابرارکامیچ میں نواں شکاربنے۔بین ڈکٹ کا بابر اعظم نے69رنز پر کیچ ڈراپ کیا۔وہ98گیندوں پر79رنز بناکر ابرار کی گیند پر بولڈ ہوئے۔یہ اننگز میں ان کی دسویں وکٹ تھی۔اولی پوپ چار رنز بناکر رن آوٹ ہوئے۔پاکستانی اسپنر ابرار احمد،انگلش اسپنرز جیک لیچ اور جوروٹ نے دوسرے دن پاکستانی بیٹرز کو مزاحمت کا موقع نہیں دیا۔پاکستان کے آخری سات بیٹسمین37اور دوسرے دن پہلے سیشن میں آٹھ وکٹ95رنز پر گرے۔انگلینڈ کے پہلی اننگز کے اسکور281رنز کے جواب میں پاکستانی ٹیم202رنز بناکر آوٹ ہوگئی اور انگلینڈ نے79رنز کی برتری حاصل کی۔ جیک لیچ نے27اوورز میں98رنز دے کر چار وکٹ حاصل کئے۔مارک ووڈ نے 40رنز دے کر دو کھلاڑیوں کو آوٹ کیا۔جوروٹ نے23رنز کے عوض دو وکٹ حاصل کئے۔پاکستان کے ناٹ آوٹ بیٹرز بابر اعظم اور سعود شکیل نے ابتدائی چھ اوورز بولروں پر حاوی ہونے کی کوشش کی لیکن اس کے بعد بولر چھا گئے ۔پاکستانی بیٹرز غیر ذمے داری سے اسٹروک کھیلتے رہے۔بابر اور سعود کی91رنز کی تیسرے وکٹ کی شراکت کے بعد بیٹنگ لڑکھڑا گئی۔اننگز کے 35ویں اوور میں انگلش کپتان نےپہلے ٹیسٹ میچ کے ہیرو اولی رابنسن کو بولنگ دی جنہوں نے کپتان کا فیصلہ درست ثابت کرتے ہوئے دوسری ہی گیند پر بابر کو آوٹ کردیا، انہوں نے 75 رنز بنائے۔انہوں نے95گیندیں کھیلیں جس میں دس چوکے اور ایک چھکا شامل تھا۔سعود شکیل بھی جلد ہی آوٹ ہوگئے انہیں آوٹ کرکے سعود نے ایک سو ٹیسٹ وکٹ مکمل کرلئے۔بابر کے آؤٹ ہونے کے بعد انگلش ٹیم نے پاکستان کا دباؤ کا شکار کر دیا اور رنز بنانے کی رفتار بھی انتہائی سست ہو گئی جس کا اندازہ اس بات سے لگایا جا سکتا ہے کہ اگلے اوورز میں صرف 16 رنز بنے جبکہ محمد رضوان نے 28ویں گیند وں کے بعد پہلا رن بنایا۔محمد رضوان نے دس رنزبنانے کے لئے43گیندوں کا سامنا کیا۔سعود شکیل نے63 رنز پر آئوٹ ہوئے۔سعود شکیل کے آؤٹ ہونے کے ساتھ ہی پاکستانی کھلاڑیوں کے آؤٹ ہونے کا ایسا سلسلہ شروع ہوا کہ جو اننگز کے اختتام تک تھم نہ سکا اور کوئی کھلاڑی انگلش بولروں کا سامنا نہ کر سکا ۔

اسپورٹس سے مزید