پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے رہنما فواد چوہدری کا کہنا ہے کہ عارف علوی کو کہا تھا اسحاق ڈار سے پوچھیں کہ ان کا پلان کیا ہے، صدر کو ہم نے کہا تھا ان سے پوچھیں 7 ماہ میں ملک کا حشر نشر ہوگیا ہے، ان کے پاس کیا پلان ہے؟
ایک بیان میں فواد چوہدری نے کہا کہ صدر نے ان کو کہا کہ الیکشن نہیں کروا رہے تو آپ حل دے دیں کہ سیاسی استحکام کیسے آئے گا؟ بغیر انتخابات کے سیاسی استحکام نہیں آئے گا۔
فواد چوہدری نے کہا کہ عمران خان نے جلسے میں اسمبلیاں توڑنے کا اعلان کیا اس سے پیچھے نہیں ہٹ سکتے، 20 مارچ 2023 تک خیبر پختونخوا اور پنجاب میں نئی حکومتیں چاہتے ہیں، دونوں صوبوں میں نئی حکومتیں آنے سے وہاں سیاسی استحکام آئے گا۔
پی ٹی آئی رہنما نے مزید کہا کہ ہم نے پنجاب اسمبلی توڑ دی تو نیشنل الیکشن نہیں روکے جا سکتے، پنجاب میں پرویز الہٰی ہمارے ساتھ تعاون کر رہے ہیں۔
فواد چوہدری نے کہا کہ چیئرمین سینیٹ کےلیے جو آئے گا وہ پی ڈی ایم کا ہوگا، صادق سنجرانی پتا نہیں کس کے ہیں، صادق سنجرانی پیپلز پارٹی اور ہمارے مشترکہ امیدوار تھے۔
انہوں نے کہا کہ پہلے ایم کیوایم، بی اے پی اورصادق سنجرانی بھی ہمارے تھے۔