• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

لبنان میں اقوام متحدہ کے امن دستے پر حملہ، ایک اہلکار ہلاک، 3 زخمی

حملے کے بعد یو این امن دستے کی گاڑی الٹی ہوئی ہے۔
حملے کے بعد یو این امن دستے کی گاڑی الٹی ہوئی ہے۔

لبنان میں اقوام متحدہ کے امن دستے کے قافلے پر حملے میں ایک اہلکار ہلاک اور 3 زخمی ہوگئے۔

جنوبی لبنان کے گاؤں العقبیح سے بیروت روانہ ہونے والی یو این امن دستوں کی دو گاڑیوں پر حملہ ہوا جس میں آئرلینڈ کے تین اہلکار شدید زخمی ہوگئے۔

امن دستوں کی فورس کے ترجمان اینڈریا ٹیننٹی نے کہا کہ ایک اہلکار ہلاک جبکہ تین زخمی ہوئے۔

ترجمان نے کہا کہ واقعہ ہماری آپریشنل حدود کے باہر ہوا، ہم ہائی ویز کو صرف بیروت اور ایئرپورٹ جانے کے لیے استعمال کرتے ہیں۔

حزب اللّٰہ کے سینئر رہنما وافک صفا نے غیر ملکی خبر ایجنسی سے بات کرتے ہوئے اہلکار کی موت پر تعزیت کی اور کہا کہ یہ غیر ارادی واقعہ گاؤں کے رہائشیوں اور آئرش یونٹ کے درمیان پیش آیا۔

حملے کا نشانہ بننے والی گاڑی کے قریب یو این امن فورس کے اہلکار کھڑے ہیں۔
حملے کا نشانہ بننے والی گاڑی کے قریب یو این امن فورس کے اہلکار کھڑے ہیں۔ 

لبنان کے مقامی میڈیا کے مطابق قافلے کی طرف سے مذکورہ سڑک استعمال کرنے پر تنازع ہوا جس کے بعد گاڑیوں پر فائرنگ کی گئی۔

آئرلینڈ کے وزیر دفاع سائمن کوینی نے کہا کہ 8 اہلکاروں پر مشتمل دو آرمرڈ گاڑیاں بیروت جا رہی تھیں جب ان پر چھوٹے ہتھیاروں سے فائرنگ کی گئی۔

ان کا کہنا تھا کہ گاڑیوں کو شرپسند عناصر نے گھیر لیا تھا جبکہ وہ صرف معمول کا سفر کر رہی تھیں۔

وزیر دفاع نے بتایا کہ چار اہلکاروں کو راعی اسپتال لایا گیا، ایک کی موت کی تصدیق ہوئی جبکہ ایک ہلکار کی سرجری ہوئی ہے جس کی حالت خراب ہے، دیگر دو زخمی اہلکاروں کو طبی امداد دی گئی۔

واقعے میں ہلاک ہونے والے اور مرنے والے اہلکاروں کا تعلق آئرلینڈ کی 121 انفنٹری بٹالین سے تھا جس میں 333 اہلکار شامل ہیں، اس بٹالین کو پچھلے  مہینے ہی جنوبی لبنان میں تعینات کیا گیا تھا۔

اقوام متحدہ امن دستوں کے تقریباً 13 ہزار اہلکار لبنان میں تعینات ہیں، 1978 سے اب تک 47 اہلکار فرائض کی انجام دہی میں وفات پاچکے ہیں۔

بین الاقوامی خبریں سے مزید